دشمن سازشیں کر رہا ہے اور اپوزیشن غیر سنجیدگی کا مظاہرہ، وزیراعلیٰ پنجاب

ویب ڈیسک  جمعـء 8 جنوری 2021
اپوزیشن ذاتی ایجنڈے کی بجائے قومی مفادات کو ترجیح دے، عثمان بزدار . فوٹو: فائل

اپوزیشن ذاتی ایجنڈے کی بجائے قومی مفادات کو ترجیح دے، عثمان بزدار . فوٹو: فائل

 لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ دشمن پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہا ہے اور اپوزیشن موجودہ صورتحال میں بھی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ملک نازک صورتحال سے گزر رہا ہے، دشمن پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش کر رہا ہے اور اپوزیشن موجودہ صورتحال میں بھی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی مفادات کو مقدم رکھنا ہر محب وطن کی ذمہ داری ہے، ملکی مفادات کے سامنے ذاتی مفادات کی کوئی حیثیت نہیں، اپوزیشن ذاتی ایجنڈے کی بجائے قومی مفادات کو ترجیح دے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پاک دھرتی ہم سے اتحاد و اتفاق کا تقاضا کرتی ہے، ہماری پہچان پاکستان کے دم سے ہی ہے، کسی کو بھی ایسا کوئی کام نہیں کرنا چاہیئے جس سے وطن عزیز کی عزت پر حرف آئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔