وزیر اعظم صاحب، ہزارہ برادری کو رونے کیلیے آپ کے کاندھے کی ضرورت ہے، مومنہ

ویب ڈیسک  جمعـء 8 جنوری 2021
جو ظلم و ستم ہزارہ برادری پر ڈھایا جا رہا ہے اس سے پوری قوم واقف ہے، گلوکارہ۔ فوٹو:فائل

جو ظلم و ستم ہزارہ برادری پر ڈھایا جا رہا ہے اس سے پوری قوم واقف ہے، گلوکارہ۔ فوٹو:فائل

 کراچی: گلوکارہ مومنہ مستحسن نے وزیر اعظم عمران خان سے گزارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہزارہ برادری کو رونے کے لیے آپ کے کاندھے کی ضرورت ہے ان سے اظہار یکجہتی کریں۔

مومنہ مستحسن نے اپنی ٹویٹ میں کان میں کام کرنے والے مزدوروں کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا اور وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ طویل عرصے سے جو ظلم اور ستم ہزارہ برادری پر ڈھایا جا رہا ہے اس سے پوری قوم واقف ہے، اس مشکل کی گھڑی میں انہیں اظہار یکجہتی کی ضرورت ہے۔

https://twitter.com/MominaMustehsan/status/1347508541461041153

مومنہ مستحسن نے یہ بھی کہا کہ خواہ اس پر سازش ہو یا پھر سیاست کی جارہی ہو، ان باتوں سے قطع نظر، سب لوگ آپ کی جانب دیکھ رہے ہیں، ہماری التجا ہے کہ وزیر اعظم کی حیثیت سے اس فیصلے پر نظر ثانی کریں اور آپ شہیدوں کی تدفین کا انتظار مت کریں کیوں کہ انہیں آپ کے دلاسے کے لیے کاندھے کی ضرورت ہے۔

یہ پڑھیں: حمزہ علی عباسی کا سانحۂ مچھ کے متاثرین سے اظہارِ افسوس

گلوکارہ نے اپنی ٹویٹ پر یہ بھی کہا کہ اس الم ناک واقعے پر پوری قوم نہ صرف افسردہ ہے بلکہ اظہار یکجہتی کے طور پر ہزارہ برادری کے ساتھ کھڑی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ مچھ: میری آمد تک لاشوں کو نہ دفناکر بلیک میل نہیں کیا جاسکتا،وزیراعظم

واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع بولان کی تحصیل مچھ کے علاقے گشتری میں 2 اور 3 جنوری کی درمیانی شب نامعلوم افراد نے کوئلے کی کان میں کام کرنے والے مزدوروں کو اغوا کرکے پہلے پہاڑوں پر لے جا کران پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 11 مزدور جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔