اے سی سی اے کا چھوٹے کاروباری اداروں کی مفت معاونت کا اعلان

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 9 جنوری 2021
ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹس کی ’’کمائی‘‘ کے ساتھ شراکت داری قائم، مقصد کیش فلو منیجمنٹ میں مدد کرنا ہے (فوٹو : فائل)

ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹس کی ’’کمائی‘‘ کے ساتھ شراکت داری قائم، مقصد کیش فلو منیجمنٹ میں مدد کرنا ہے (فوٹو : فائل)

 کراچی: ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹس (اے سی سی اے) پاکستان میں چھوٹے کاروباری اداروں اور مائیکرو انٹر پرینیورز کی بحالی کے لیے اعانت فراہم کرے گی۔

ایکسپریس کے مطابق ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹس نے ’’کمائی‘‘ کے ساتھ شراکت داری قائم کرلی جس کا مقصد چھوٹے کاروباری اداروں اور مائیکرو انٹر پرینیورز کو ان کے موجودہ کیش فلو منیجمنٹ میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنے میں مدد فراہم کرنا اور مستقبل میں بھی کارآمد بلا معاوضہ پیشہ ورانہ مہارت پیش کرنا ہے۔

محدود وسائل اور کمزور مالی صلاحیت چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں (SMEs) کو اِس بات سے روکتی ہے کہ وہ طویل المیعاد منصوبہ بندی اور اپنی افرادی قوت کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے وسائل مختص کر سکیں۔ اِس مجبوری پر قابو پانے میں مدد فراہم کرنے کی غرض سے اے سی سی اے نے کمائی کے ساتھ شراکت قائم کی ہے تاکہ پورے پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں (SMEs) اور مائیکرو انٹریپرینیورز کو بلا قیمت پیشہ ورانہ مدد فراہم کی جاسکے۔

اے سی سی اے پاکستان کے سربراہ سجید اسلم نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ پاکستان میں متعدد چھوٹے کاروباری ادارے بقا کے مسائل سے دوچار ہیں تاہم تجربہ کار اکاؤنٹنٹس کے ہمراہ کام کرنے سے چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں کو ایسے جدید سولوشنز کی تلاش کے لیے مشورے اور مدد مل سکے گی جس سے اْن پر موجود دباؤ میں کچھ کمی ہوسکے اور اْسی کے ساتھ 2021ء میں ایک مرتبہ اقتصادی ترقی ممکن ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ اے سی سی اے اور اس کے ارکان ملک کے کاروباری اداروں کی اعانت کے لیے پوری طرح تیار ہیں، اس اقدام کے ذریعے چھوٹے اور درمیانے کاروباری ادارے جن کو پیشہ ورانہ مدد کی شدید ضرورت ہے، انہیں اے سی سی اے کے ماہرین کی جانب سے پیش کیے جانے والی عالمی معیار کی تربیت اور گنجائش میں اضافہ کرنے والے پروگراموں تک خصوصی رسائی حاصل ہو گی۔

ایسوسی ایشن کی جانب سے کیے گئے متعدد اقدامات میں سے اس ایک قدم کا مقصد چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں کو پیشہ ورانہ مشوروں تک رسائل فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے اداروں کو تبدیل ہوتی ہوئی حرکیات اور مستقبل کے حوالے سے اقتصادی ضرورتوں کے مطابق پوزیشن کرتے ہوئے، پائیدار ترقی کے لیے حکمت عملی تیار کر سکیں اور بحران میں نکلنے کے لیے تیزرفتار راستہ اختیار کرسکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔