جو ہم سے بچھڑ گئے

سید عاصم محمود / تحریم قاضی  اتوار 10 جنوری 2021
سال رواں میں جولائی تا ستمبر بھی دنیا بھر میں کئی شخصیات ہمیں داغ مفارقت دے گئیں۔ فوٹو : فائل

سال رواں میں جولائی تا ستمبر بھی دنیا بھر میں کئی شخصیات ہمیں داغ مفارقت دے گئیں۔ فوٹو : فائل

موت سے کس کو رستگاری ہے!سال رواں میں جولائی تا ستمبر بھی دنیا بھر میں کئی شخصیات ہمیں داغ مفارقت دے گئیں۔

ماہ جولائی

٭جان لیوس….امریکی تحریک شہری حقوق کے ساہ فام لیڈر۔ان بڑے چھ رہنماؤں میں سے ایک جنھوں نے 1963ء میں واشنگٹن مارچ کا اہتمام کیا۔امریکی ایوان نمائند گان کے طویل عرصہ رکن رہے۔بارک اوباما سمیت نوجوان سیاہ فام انھیں اپنا رول ماڈل سمجھتے تھے۔17جولائی کو رخصت ہوئے۔

٭اولویا ڈی ہویلینڈ….برطانوی نژاد امریکی اداکارہ۔49فلموں میں کام کیا۔کیپٹن بلڈ،دی ایڈونچرز آف رابن ہڈ اور گون ود دی ونڈ مشہور فلمیں ہیں۔دو آسکر ایوارڈ جیتے۔ہالی وڈ کے تابناک دور کی آخری زندہ اداکارہ تھیں۔26جولائی کو چل بسیں۔

٭کم کم….بھارتی مسلمان اداکارہ۔اصل نام زیب النسا۔ایک نواب کی دختر تھیں۔فلموں میں کام کرنے کا شوق انھیں بہار سے بمبئی لے آیا۔115فلموں میں کام کیا۔ان میں مدر انڈیا،پیاسا،سی آئی ڈی،آرپار اور مرزاغالب نمایاں ہیں۔عمدہ رقاصہ تھیں۔وفات:28جولائی۔

ماہ اگست

٭جان ہیوم….شمالی آئرلینڈ کے مشہور رہنما۔شمالی آئرلینڈ امن معاہدہ کے خالقوں میں شامل۔1998ء میں ڈیوڈ ٹرمبل کے ساتھ نوبل امن انعام پایا۔واحد رہنما جنھیں امن کے تین بڑے ایوارڈ(نوبل،مارٹن لوتھر کنگ اور گاندھی)ملے۔آئر لینڈ کے باسی انھیں اپنے عظیم ترین لیڈروں میں شمار کرتے ہیں۔3اگست کو چل بسے۔

٭راحت اندوری ….بھارتی شاعرراحت اندوری فلموں کے گیت لکھ کر شہرت پائی۔ان کے لکھے اور انو ملک کے گائے کئی گیت برصغیر پاک وہند میں مشہور ہوئے۔شاعری میں عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتے۔11اگست کو کورونا وائرس کا شکار ہو گئے۔

٭چیتن چوہان ….بھارتی بلے باز۔1969ء تا1981ء چالیس ٹیسٹ کھیلے۔سنیل گواسکر کے ساتھ اننگ کا آغاز کرتے۔پاکستان میں جانے پہچانے تھے۔کورونا وائرس نے نشانہ بنایا اور 16اگست کو جان لے لی۔جاوید میاں داد اور اقبال قاسم نے ان کی موت پہ اظہار غم کیا اور پرانی یادیں تازہ کیں۔

٭حاصل بزنجو ….پاکستانی سیاست داں اور نیشنل پارٹی (پاکستان)کے صدر۔ممتاز بلوچ رہنما،میر غوث بخش بزنجو کے فرزند تھے۔بلوچستان میں پیدا ہوئے۔قومی اسمبلی اور سینٹ کے رکن رہے۔نواز لیگ میں وزیر بھی بنائے گئے۔عوامی سیاست کرنے کے قائل تھے۔کینسر سے 20 اگست کو چل بسے۔

٭چیڈوک بوسمین ….سیاہ فام امریکی اداکار۔فلم کے تصّوارتی کردار’’بلیک پینتھر‘‘ ادا کرنے سے عالمی شہرت پائی۔عمدہ ایکٹر تھے۔پہلے سیاہ فام اداکار تھے جنھوں نے مارویل ( Marvel Cinematic Universe)کے سپر ہیروز پر مبنی فلموں میں کام کیا۔کینسر کا نشانہ بن کر اچانک 28اگست کو دنیا سے رخصت ہوئے۔

٭پرناب مکھرجی….بھارت کے سابق صدر اور کانگریسی رہنما۔اوائل میں اعتدال پسند سیاست داں تھے۔اخیر برسوں میں بطور صدر آرایس ایس کی کٹر قوم پسندی کے حمایتی بن گئے۔اس تبدیلی کو کرسی سے محبت بھی قرار دیا گیا کیونکہ ان کی موجودگی میں بی جے پی مودی کی زیرقیادت برسراقتدار آ گئی۔بیماری کی وجہ سے 31اگست کو جان ہار گئے۔

ماہ ستمبر

٭ونسٹن گروم ….امریکی ناول نگار۔1988ء میں ’’فاریسٹ گمپ‘‘ناول لکھا جس پر 1994ء میں چھ آسکر ایوارڈ جیتنے والی فلم بنائی گئی۔دنیائے مغرب میں یہ فلم ایک ثقافتی و تہذیبی آئکون کی صورت اختیار کر چکی۔17ستمبر کو چل بسے۔

٭روتھ گنسبرگ….امریکی سپریم کورٹ کی جج۔معتدل قانونی رہنما تھیں۔انسانی حقوق کی سربلندی کے لیے کوشاں رہیں۔ان کے فیصلوں سے سابق صدر ٹرمپ سمیت تمام قدامت پسند امریکی نالاں رہے۔ کینسر کے ہاتھوں 18ستمبر کو دنیا سے رخصت ہوئیں۔

٭انگ ریتا….نیپال کا مشہور کوہ پیما۔اضافی آکسیجن کے بغیر ماؤنٹ ایورسٹ دس بار سر کرنے والا واحد انسان۔اس کا قائم کردہ ریکارڈ آج تک کوئی کوہ پیما نہیں توڑ سکا۔21ستمبر کو فانی دنیا سے کوچ کر گیا۔

٭ڈین جونز ….آسٹریلوی بلے باز۔مار دھاڑ سے بھرپور کھیل دکھا کر شہرت پائی۔پاکستانی ٹیموں،اسلام آباد یونائٹیڈ اور کراچی کنگز کے ہیڈکوچ رہے۔ پاکستانیوں میں مقبول غیرملکی کھلاڑی تھے۔ہارٹ اٹیک سے 24ستمبر کو چل بسے۔

٭جسونت سنگھ….بھارتی سیاست داں۔فوج میں میجر تھے۔پھر اسے چھوڑ کر میدان ِسیاست میں چلے آئے۔بی جے پی دورحکومت میں خارجہ،دفاع اور خزانہ کے وزیر رہے۔تقسیم ہند پر ایک کتاب( Jinnah: India-Partition-Independence) حیات لکھ کر پاکستان میں مشہور ہوئے۔کتاب میں قائداعظم کی تعریف کی گئی ہے۔بیماریوں کے باعث 27ستمبر کو دنیا سے رخصت ہوئے۔

٭شیخ صباح احمد جابر…. امیر کویت۔اپنے دور میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین تعلقات بہتر کرنے کی خاطر سرگرم رہے۔وفات:29ستمبر

٭مرزا شاہی….پاکستانی اداکار۔اصل نام مرزا اصغر بیگ۔کئی فلموں اور ڈراموں میں کام کیا۔اپنی طرز کی منفرد مزاحیہ اداکاری سے نمایاں ہوئے۔کورونا وائرس کا نشانہ بن کر 29ستمبر کو وفات پائی۔

ماہ اکتوبر

٭مولانا ڈاکٹر عادل خان…. پاکستان کے معروف اسلامی سکالر مولانا ڈاکٹر عادل خان کو کراچی کی شاہ فیصل کالونی میں10 اکتوبر کوفائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔ وہ جامعہ فاروقیہ کے معتبر سکالر تھے اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی ملائیشیا میں آٹھ برس تک تدرسی خدمات سر انجام سے چکے تھے۔

٭جسٹس وقار احمد سیٹھ…. سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج جسٹس وقار احمد سیٹھ کورونا وائرس کے باعث13 اکتوبر کو 59برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔جسٹس وقار سیٹھ نے اپنے کیرئیر کے دوران ہائی پروفائل کیسسز پر فیصلے دیئے۔ وہ سابق صدر جنرل پرویز مشرف کو3نومبر 2007میں ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے کیس پر سزائے موت کا فیصلہ سنا چکے تھے۔ ان کا شمار ہائی کورٹ آف پاکستان کے اعلٰی ججوں میں ہوتا ہے۔

ماہ نومبر

٭علامہ خادم حسین رضوی…. تحریکِ لبیک کے روحِ رواں علامہ خادم حسین رضوی علالت کے باعث20 نومبرکو انتقال کر گئے۔ علامہ 22 جون1966میں ضلع اٹک میں پیدا ہوئے ، جہلم ودینہ سے حفظ و تجوید کی تعلیم حاصل کی انھیں عربی،اردو اور فارسی پہ عبور تھا۔ وہ مشہور عالمِ دین اور مذہبی سیاسی جماعت کے بانی تھے۔علامہ عشقِ رسول اور اپنے منفرد اندازِ بیان کی وجہ سے لاکھوں کے پیشوا تھے۔

٭شمیم بی بی…. سابق وزیراعظم نواز شریف کی والدہ شمیم بی بی لندن میں22نومبرکو92برس کی عمر میں انتقال کر گیئں۔ وہ گزشتہ ایک برس سے لندن میں مقیم تھیں اور الزائمرز کے مرض میں مبتلا تھیں۔ضعیف العمری اور دیگر مسائل کی بنا پہ پچھلے کچھ عرصے سے ان کی طبعیت نا ساز تھی۔ ان کی تدفین پاکستان میں کی گئی۔

٭ڈیگو میرا ڈونا…. ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والا،فٹبال کی دنیا کا روشن ستارہ ڈیگو میرا ڈونا ڈوب گیا۔ میراڈونا کا انتقال25نومبر کو 60برس کی عمر میں حرکتِ قلب بند ہو نے سے ہوا۔وہ 1986میں ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم ارجنٹائن کے کپتان تھے۔چار ورلڈ کپس میں ملک کی تمائندگی کرنے، 91میچوں میں 34گول کرنے کے علاوہ میراڈونا ٹیم ہیڈ کوچ اور مینجر بھی رہے۔دنیائے فٹبال کے شائقین کے لئے ایک خلاء ہمیشہ رہے گا۔ میراڈوناصدی کا سب سے شاندار گول کرنے والا جذباتی اور باصلاحیت شوخ کھیلاڑی تھا،جو اپنی نٹ کھٹ طبیعت کے باعث اکثر شہ سرخیوں کا حصہ رہا۔

٭محسن فخری زادے….ایران کے نیوکلئیر سائنسدان ، محسن فخری زادے تہران کے قریب 27نومبر کوایک قاتلانہ حملہ میں مارے گئے۔ ایران کی جانب سے اس حملے کے پیچھے اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کا ہاتھ ہونے کا الزام عائد کیا گیا ۔ ایران کے اعلٰی حکام نے جلد اس کے ذمہ داروں سے بدلہ لینے کا عندیہ دیا ہے۔

ماہ دسمبر

٭میر ظفر اللہ خان جمالی…. پاکستا ن کے سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی 2 دسمبر کو 76 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ انکا تعلق صوبہ بلوچستان کے مذہبی اور سیاسی خاندان سے تھا۔ وہ پاکستان کے پندہویں وزیر اعظم تھے۔یاد رہے وہ صوبہ بلوچستان سے منتخب ہونے والے پاکستان کے پہلے وزیرِاعظم تھے (2002-04)۔

٭احمت محصوت یلماز….ترکی کے اکیسویں وزیراعظم احمت محصوت یلماز (Yilmaz  Ahmet Mesut) 4 دسمبر کو وفات پا گئے۔ وہ ایک مشہور سیاسی رہنما اور مادرِوطن پارٹی کے سربراہ تھے۔انھوں نے تین بار وزیر اعظم کے طور پر قلمدان سنبھالا ۔

٭جج ارشد ملک….جج ارشد ملک کورونا کے باعث 4 دسمبر کو انتقال کر گئے۔ انھوں نے دسمبر 2018 میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ ریفرینس کیس میں سات سالہ قید کی سزا سنائی تاہم فلیگ شپ کیس میں نواز شریف کو بری کر دیا۔ یاد رہے جولائی 2020مین انھیں ایک برس کی انکوائری کے بعد ویڈیو سکینڈل کی وجہ سے  لاہور ہائی کورٹ سے فارغ کردیا گیاتھا۔

٭مفتی زرولی خان…. پاکستان کے نامور اسلامی سکالر، مصنف اور جامعہ احسان العلوم کے بانی مفتی زرولی خان 7دسمبرکوکراچی میں 66برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔بعض ذرائع کا کہنا کہ ان کی موت کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی وجہ سے ہوئی مگر اس بات کی تردید ان کے قریبی ذرائع نے کرتے ہوے کہا کہ وہ عارضہِ قلب میں مبتلا تھے اور  طبعی موت کا شکار ہوئے۔

٭علامہ نور حسین قاسمی… ممتازبنگلہ دیشی اسلامی سکالر، سیاست دان، مبلغ، مذہبی مقرر اور روحانی پیشواء علامہ نور حسین کاسیمی 13 دسمبرکو75برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ حفاظتِ اسلام بنگہ دیش اور جمیعت علماء اسلام بنگلہ دیش کے جنرل سیکرٹری رہے ۔وہ تحریکِ خاتم النبین کے روح رواں تھے۔ یاد رہے ان مسلم دنیا میں انھیں ایک اسلامی لیڈر کے طور پر جانا جاتا تھا۔

٭عرفان حسین…. ممتاز صحافی، انگریزی زبان کے کالم نگار اور بیوروکریٹ عرفان حسین انگلینڈ میں 16 دسمبرکوانتقال کر گئے۔وفات کے وقت ان کی عمر 76برس تھی۔وہ پاکستان، اسلام اور ویسٹ کے نام سے شائع کتاب کے مصنف بھی تھے۔

٭کلثوم پروین… پاکستانی سیاست دان،سینیٹر کلثوم پروین کورونا وائرس سے لڑتے لڑتے21دسمبر 75برس کی عمر میں زندگی کی جنگ ہار گئیں۔وہ 2003سے لے کر تادمِ آخر سینٹر کے عہدے پر فائز رہیں۔ ان کا تعلق بلوچستان سے تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔