ایشز کی لڑائی،پاکستان سے چوتھی ٹیسٹ پوزیشن چھننا یقینی

اسپورٹس ڈیسک  منگل 31 دسمبر 2013
پروٹیز نے پہلے درجے پر موجودگی کو مزید مستحکم کرلیا، بھارت کے 2 پوائنٹس منہا  فوٹو: فائل

پروٹیز نے پہلے درجے پر موجودگی کو مزید مستحکم کرلیا، بھارت کے 2 پوائنٹس منہا فوٹو: فائل

دبئی:  ایشز کی لڑائی میں پاکستان سے چوتھی ٹیسٹ پوزیشن چھننا یقینی ہو گیا، بس آفیشل اعلان ہونا باقی ہے، سری لنکا سے تمام تینوں میچز جیت کر بھی مصباح الحق الیون یہ جگہ دوبارہ حاصل نہیں کرپائے گی، ادھر جنوبی افریقہ نے ٹاپ پوزیشن کو مزید مستحکم کرلیا، بھارت کے2 پوائنٹس منہا کرلیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اس وقت آئی سی سی کی آفیشل ٹیسٹ رینکنگ میں چوتھے نمبر پر موجود مگر درحقیقت وہ یہ پوزیشن گنوا چکا ہے،اس کا اعلان آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان آخری ایشز ٹیسٹ کے بعد کیا جائے گا۔ پانچویں نمبر پر موجود آسٹریلیا کے اس وقت 101 پوائنٹس ہیں تاہم وہ مسلسل چار ٹیسٹ جیت کر چوتھی پوزیشن کا خود کو حقدار ثابت کرچکا،اگر مائیکل کلارک الیون 3 جنوری سے شروع ہونے والے سڈنی ٹیسٹ میں بھی ناقابل شکست رہی تو پھر انگلینڈ سے بھی تیسری پوزیشن چھین لے گی، سڈنی ٹیسٹ ڈرا ہونے کی صورت میں آسٹریلیا 109 جبکہ انگلینڈ 116 سے 108 پوائنٹس پر آجائے گا، اگر کینگروزآخری ٹیسٹ جیتے تو ریٹنگ پوائنٹس 111 اور انگلینڈ کے 107 رہ جائیں گے جو پاکستان کے موجودہ 102 سے صرف 5 پوائنٹس زیادہ ہیں۔

انگلینڈ صرف کامیابی کی صورت میںہی اپنی تیسری پوزیشن برقرار رکھ سکتا ہے۔ ایشز کا نتیجہ کچھ بھی نکلے پاکستان کی چوتھے سے پانچویں نمبر پر تنزلی یقینی ہے لیکن مصباح الیون سری لنکا سے سیریز جیت کر آسٹریلیا اور انگلینڈ دونوں پر دباؤ بڑھا سکتی ہے، اگر پاکستان یہ سیریز 2-0 سے جیتا تو پوائنٹس 105 ہوجائیں گے، تینوں میچز میں فتح کی صورت میں یہ 107 تک پہنچ سکتے ہیں لیکن اگر سری لنکا 2-0 یا اس سے بہتر مارجن سے سیریز جیت گیا ہے تو پھر وہ گرین کیپس سے آگے یعنی پانچویں نمبر پر پہنچ جائے گا۔ ڈربن ٹیسٹ میں کامیابی اور سیریز پر قبضے سے جنوبی افریقہ نے2پوائنٹس حاصل کرکے اپنی پوزیشن 133 پوائنٹس کے ساتھ مزید مستحکم کرلی،بھارت 2 پوائنٹس کی کٹوتی کے باوجود 117 کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ ویسٹ انڈیزساتویں، نیوزی لینڈ آٹھویں، زمبابوے نویں اور بنگلہ دیش دسویں نمبر پر موجود ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔