بنگلہ دیشی پلیئرزگراؤنڈز کا رخ کرنے سے گھبرانے لگے

اسپورٹس ڈیسک  منگل 31 دسمبر 2013
آفیشلز نے ایونٹ کے دوبارہ آغازکیلیے تاریخ دینے سے بھی معذوری ثابت کردی۔ فوٹو:فائل

آفیشلز نے ایونٹ کے دوبارہ آغازکیلیے تاریخ دینے سے بھی معذوری ثابت کردی۔ فوٹو:فائل

ڈھاکا:  بنگلہ دیش کے پلیئرز ملک کے سنگین ترین حالات میں گراؤنڈز کا رخ کرنے سے ہی گھبرانے لگے۔

فٹبال ایسوسی ایشن کو سیکیورٹی کی اب تر صورتحال پر اپنی پریمیئر لیگ ہی معطل کرنا پڑگئی، آفیشلز نے ایونٹ کے دوبارہ آغازکیلیے تاریخ دینے سے بھی معذوری ثابت کردی۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش کو سال نو کے آغاز پر اہم ترین کرکٹ ایونٹس کی میزبانی کرنا ہے، ان میں ایشیا کپ اور ورلڈ ٹوئنٹی 20 شامل ہیں، اسے جنوری کے وسط میں سری لنکا سے ہوم سیریز بھی کھیلنی ہے، حکام ان ایونٹس کے اپنے ملک میں انعقاد کے بارے میں نہ صرف پُرامید بلکہ ایشین کونسل، آئی سی سی اور دیگر ممبر بورڈز کو بھی سبز باغ دکھانے میں مصروف ہیں۔

مگر حقیقت تو یہ ہے کہ خود بنگلہ دیشی پلیئرز گراؤنڈز کا رخ کرنے سے گھبرانے لگے ہیں، حالات کی خرابی کے باعث فٹبال فیڈریشن کو بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کو ہی معطل کرنا پڑگیا، بی ایف ایف  کے جنرل سیکریٹری ابونعیم سوہاگ کا کہنا ہے کہ ملک کے حالات ایسے ہیں کہ ہمیں اپنی لیگ معطل کرنے پر مجبور ہونا پڑا، کھلاڑیوں کی حفاظت کے لیے پولیس ہی فارغ نہیں ہے، ابھی ہم نہیں بتا سکتے کہ یہ لیگ کب شروع ہوگی، پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کی ضمانت ملنے کے بعد ہی ہم دوبارہ میدانوں کا رخ کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔