سندھ میں 11 جنوری سے 7 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 9 جنوری 2021
پولیوورکرزکوروناسے بچاؤکی احتیاطی تدابیراختیارکریں گے،ترجمان ای اوسی۔ فوٹو: فائل

پولیوورکرزکوروناسے بچاؤکی احتیاطی تدابیراختیارکریں گے،ترجمان ای اوسی۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  کراچی سمیت سندھ بھر میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم 11 جنوری سے شروع ہوگی جب کہ مہم کے دوران صوبے بھر کے 90 لاکھ اور کراچی کے20 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

سندھ بھر میں11جنوری سے17 جنوری تک پولیو مہم چلائی جائے گی، انسداد پولیو مہم کے دوران سندھ کے29 اضلاع میں 90 لاکھ 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی خوراک پلائی جائے گی ان میں سے 20 لاکھ سے زیادہ بچے کراچی میں مقیم ہیں، مہم کے دوران6 ماہ سے لے 59 ماہ (4 سال 11 ماہ) کی عمر کے بچوں کو وٹامن اے کی خوراک بھی دی جائے گی۔

مہم کے دوران عالمی ادارہ صحت کی جانب سے رائج کردہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی تمام احتیاطی تدابیر (ایس او پیز) پر عمل کیا جائے گا جس میں پولیو ورکرز کا ماسک پہننا اور تعیناتی سے قبل بخار چیک کرانا، بچوں کو براہ راست نہ سنبھالنا، گھروں میں داخل نہ ہونا، اہل خانہ کے ساتھ محدود وقت گزارنا اور قلم یا کہنی سے دروازہ کھٹکھٹانا شامل ہیں۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو سندھ کے ترجمان کے مطابق کورونا وبا اور لاک ڈاؤن کے باعث گزشتہ سال کے دوران مارچ سے جولائی تک انسداد پولیو مہم نہیں جلائی جاسکی لیکن اگست 2020 سے بچوں میں قوت مدافعت بڑھانے کے لیے ہر ماہ پولیو مہم تواتر سے جلائی جارہی ہے، اگر ہم اسی رفتار کے ساتھ انسداد پولیو مہم جاری رکھیں گے تو جلد ہی اس کے بہترنتائج بھی سامنے آئیں گے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ جولائی 2020 سے سندھ میں پولیو کا کوئی بھی کیس سامنے نہیں آیا ہے، پولیو جیسی موذی بیماری سے بچوں کو ویکسی نیشن کے ذریعے بچایا جاسکتا ہے اور ہم اس کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لیے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔