جیک کیلس شایان شان انداز میں رخصت

اسپورٹس ڈیسک  منگل 31 دسمبر 2013
میچ کے اختتام پرپروٹیز کھلاڑیوں نے کیلس کو کندھے پر بٹھاکر گھمایا

میچ کے اختتام پرپروٹیز کھلاڑیوں نے کیلس کو کندھے پر بٹھاکر گھمایا

ڈربن: کیریئر کا الوداعی ٹیسٹ کھیلنے والے جنوبی افریقی آل رائونڈر جیک کیلس کو شایان شان انداز میں رخصت کیا گیا، فتح کیلیے درکار 58رنز اوپنرز کی جانب سے ہی بنالیے جانے پر کیلس کی اس مقابلے میں دوسری باری نہیں آئی۔

انھوں نے پہلی اننگز میں 115 رنز اسکورکر کے اختتامی ٹیسٹ کو یادگار بنایا، ٹیم نے بھی انھیں بھارت کے خلاف فتح کا تحفہ پیش کیا، میچ کے اختتام پرپروٹیز کھلاڑیوں نے کیلس کو کندھے پر بٹھاکر گھمایا جبکہ کیلس نے بعد میں قومی پرچم اٹھاکر گرائونڈکا چکر بھی لگایا، انھوں نے اس موقع پر ٹیسٹ چیمپئن شپ ٹرافی اور سیریز ٹرافی کے ہمراہ پوز دیے جبکہ باقی تمام کھلاڑی ان کے پیچھے کھڑے ہوئے تھے۔

کیلس نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ آسان فیصلہ نہیں تھا، جس انداز میں لوگوں نے مجھے کیریئر میں سپورٹ کیا میں ان کا مشکور ہوں، بورڈ اور ساتھی کھلاڑیوں نے اس میچ کو میرے لیے خاص بنایا، میں بھارتی کپتان دھونی اور ان کی ٹیم کا گارڈ آف آنر پیش کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں، میں خوش قسمت ہوں کہ مجھے اپنے طویل کیریئر میں بہترین کوچز کا ساتھ نصیب ہوا، دوستوں اور فیملی کا تعاون رہا لیکن میں خاص طور پر 2 افراد کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو یہاںموجود نہیں ہیں، ’’ مام، ڈیڈ! میں امید کرتا ہوں کہ آپ کا سرفخر سے بلند کیا ہوگا‘‘۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔