سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو کورونا ویکسین لگادی گئی

ویب ڈیسک  ہفتہ 9 جنوری 2021
85 سالہ سعودی فرمانروا کو کورونا ویکسین لگانے کی ویڈیو سرکاری ٹیلی وژن پر نشر کی گئی، فوٹو : عرب میڈیا

85 سالہ سعودی فرمانروا کو کورونا ویکسین لگانے کی ویڈیو سرکاری ٹیلی وژن پر نشر کی گئی، فوٹو : عرب میڈیا

ریاض: سعودی عرب میں خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو امریکی کمپنی فائزر اور جرمنی کی بائیوٹیک کمپنی کی مشترکہ طور پر تیار کردہ کورونا ویکسین لگادی گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب میں کورونا ویکسینیشن کا آغاز ہوگیا ہے اور اس سلسلے میں اب 85 سالہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو بھی ویکسین لگادی گئی ہے جس کی ویڈیو بھی نشر کی گئی ہے۔

اس موقع پر سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ کا کہنا تھا کہ وبا سے متعلق ہمیشہ خصوصی دلچسپی لینے پر خادمین حرمین شریفین کے شکرگزار ہیں۔ ان کی رہنمائی کے نتیجے میں شہریوں اور غیرملکیوں کے لیے کورونا ویکسین کی جلد فراہمی ممکن ہوئی۔

یہ خبر پڑھیں : بحرین کورونا ویکسین کی منظوری دینے والا پہلا اسلامی ملک بن گیا  

سعودی عرب کی فوڈ اینڈ ڈرگ ایجنسی نے فائزر اور بائیوٹیک کی کورونا ویکسین کی ملک بھر میں استعمال کی منظوری دی تھی جس کے بعد کورونا ویکسینیشن کا آغاز ہوگیا ہے اور 2021 کے خاتمے تک 70 فیصد آبادی کو ویکسین لگادی جائیں گی۔

یہ خبر بھی پڑھیں : سعودی عرب  میں بھی کورونا ویکسینیشن کا آغاز 

واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا نے 3 لاکھ 63 ہزار 903 افراد کو متاثر کیا جب کہ اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 6 ہزار 282 ہوگئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔