ٹک ٹاک نے آئی فون 12 کے لیے لیڈار ٹیکنالوجی کا حامل اے آر افیکٹ پیش کردیا

ویب ڈیسک  پير 11 جنوری 2021
ٹک ٹاک نے نئے سال کے آغاز پر اے آر تھری ڈی ایفیکٹ کا پہلا مظاہرہ کیا ہے (فوٹو: فائل)

ٹک ٹاک نے نئے سال کے آغاز پر اے آر تھری ڈی ایفیکٹ کا پہلا مظاہرہ کیا ہے (فوٹو: فائل)

بیجنگ: ٹک ٹاک نے آئی فون 12 کے لیے ایک آگمینٹڈ ریئلٹی ایفیکٹ پیش کیا ہے جس میں آئی فون لیزر کی بدولت کسی بھی جگہ کی گہرائی اور محلِ وقوع معلوم کرتا ہے اور ویڈیو میں عین اسی جگہ پر ورچول منظر پیدا کرتا ہے۔

سال 2021ء میں ٹک ٹاک اے آر کے مزید تجربات کرے گا اور افیکٹ پیش کرے گا۔ اس ضمن میں اس نے آئی فون 12 پرو اور آئی فون 12 پرومیکس میں موجود لیڈار ٹیکنالوجی کو استعمال کیا ہے۔

یہ لیڈار ٹیکنالوجی ایک جانب تو تصویر میں گہرائی معلوم کرکے وہاں تک روشنی پہنچاتی ہے تاکہ ویڈیو اور تصویر روشن اور واضح ہوسکے۔ دوسری جانب کسی بھی آن لائن جگہ سے فرنیچر وغیرہ خرید کر اسے مجازی طور پر آپ کے گھر میں منتقل کرکے دکھاتی ہے تاکہ آپ سامان خریدنے سے پہلے یہ جان لیں کہ وہ گھر میں کیسا دکھائی دے گا۔ اس کے علاوہ بھی آئی فون کا لیڈار سینسر کسی بھی جگہ کی تھری ڈی نقل یا مجازی خاکہ بھی بناسکتا ہے۔

علاوہ ازیں آگمینٹڈ ریئلٹی کے لاتعداد استعمالات بھی ہیں۔ اس ضمن میں جاری کردہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹک ٹاک نے کس طرح اے آر ایفیکٹ تیار کیا ہے جو سال 2021ء کی آمد کو کمرے میں ایک خاص مقام پرنمودار ہوتا ہے۔ یہاں تک کہ مجازی غبارے کی روشنی انسان پر پڑتی ہے اور اس کے بعد غبارے کے ٹکڑے فرش پر بکھر جاتے ہیں۔ اس طرح ٹک ٹاک کی ذہانت اور محنت کی داد دینی پڑے گی۔

اسمارٹ فون کے تجزیہ کاروں کے مطابق فون میں لیڈار ٹیکنالوجی بہت اہمیت رکھتی ہے اور ای کامرس میں ان کی اہمیت کو کسی بھی طرح نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ اس کی بدولت منصوبہ سازی، گھر کے معاملات دیکھنے اور کسی جگہ کے محلِ وقوع پر تحقیق میں بھی مدد ملتی ہے۔

دوسری جانب اس وقت بھی دنیا کے کئی ممالک میں کووڈ 19 کی وبا سے لاک ڈاؤن کی کیفیت ہے اوراے آر ٹیکنالوجی بہت جگہ استعمال ہورہی ہے  یہاں تک کہ اسے طب اور ٹیلی میڈیسن میں بھی استعمال کیا جارہا ہے۔ 2021ء میں اے آر کی مارکیٹ ڈیڑھ ارب ڈالر رہے گی اور 2024ء تک اس کی مارکیٹ 8 ارب ڈالر تک جاپہنچے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔