چینی کورونا ویکسین کی پاکستان میں آزمائش کامیاب

شنہوا  پير 11 جنوری 2021
16ہزارسے زائدبھرتی ہو چکے ، ادویہ ساز گروپ سائینو فارم نے ویکسین پاکستان لانے کیلیے اجازت مانگ لی، ڈریپ کو درخواست
فوٹو: فائل

16ہزارسے زائدبھرتی ہو چکے ، ادویہ ساز گروپ سائینو فارم نے ویکسین پاکستان لانے کیلیے اجازت مانگ لی، ڈریپ کو درخواست فوٹو: فائل

 اسلام آباد: پاکستان میں کورونا کیخلاف چین کی تیار کردہ ویکسین کی طبی آزمائش کا تیسرا مرحلہ اختتام کے قریب ہے اور اسے انتہائی کامیاب ٹرائل قرار دیا جا رہا ہے۔

سرکاری حکام کے مطابق ویکسین لگوانے والے تمام رضاکاروں کی طرف سے کوئی سنگین مضر اثر کی شکایت نہیں کی گئی جس کے بعد اس ویکسین کو پاکستانی عوام کیلیے محفوظ اور پراثر کہا جا سکتا ہے۔ یہ آزمائش پاکستان کے پانچ طبی مراکز میں تین ماہ قبل ایک ساتھ شروع کی گئی تھی،

قومی ادارہ صحت کی ہیڈ آف ویکسین پروڈکشن ڈاکٹر غزالہ پروین کا کہنا ہے کہ اس ٹرائل میں پورے پاکستان میں 18 ہزار رضا کاروں کی ضرورت ہے اور اب تک 16 ہزار سے زائد رضاکار شامل ہوچکے ہیں۔

غزالہ پروین کا مزید کہنا تھا ابھی کینیڈا کی ایک لیبارٹری اس ویکسین کی کارکردگی کا حتمی تجزیہ کریگی، اب پاکستان میں آزمائش کے نمونے وہاں جانا شروع ہوگئے ہیں اور امید ہے فروری کے آخر میں یا مارچ کے آغاز میں اسکی تجزیاتی رپورٹ بھی آجائے گی۔

نجی انٹرنیشنل اسپتال میں ویکسین ٹرائل کے اعلیٰ تحقیق کار ڈاکٹر اعجاز خان نے بتایا کہ مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے ٹرائل میں حصہ لیا۔

قومی ادارہ صحت کی ڈاکٹرعمیرہ نصیر نے کہا طبی آزمائش پاکستانی آب و ہوا میں پاکستانی لوگوں پر کی جار رہی ہے، ریکومبیننٹ ناول کورونا وائرس ویکسین (ایڈینو وائرس ٹائپ 5 ویکٹر) نامی یہ ویکسین کین سائنو بائیو اور بیجنگ کے انسٹیٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی چائنہ نے مشترکہ طور پر تیار کی ہے۔

ادھرچینی ساختہ کوروناویکسین کی پاکستان لانے کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئیں، چینی ادویہ ساز گروپ سائینوفارم نے کورونا ویکسین پاکستان لانے کی اجازت مانگ لی اور کورونا ویکسین رجسٹریشن کیلئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کو درخواست دیدی ہے، ڈریپ رجسٹریشن بورڈ کا منظوری کیلئے اجلاس آئندہ ہفتے ہونے کا امکان ہے، پاکستان سائینوفارم سے کورونا ویکسین کی 12 لاکھ خوراکیں خریدے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔