انوکھی دریافت: پتھر میں زمرد کا ’محبت بھرا دِل‘ برآمد

ویب ڈیسک  پير 11 جنوری 2021
سوشل میڈیا صارفین نے اسے ’’قدرت کا اندازِ محبت‘‘ قرار دیتے ہوئے حیرت کا اظہار بھی کیا ہے۔ (تصاویر: یوروگوئے منرلز)

سوشل میڈیا صارفین نے اسے ’’قدرت کا اندازِ محبت‘‘ قرار دیتے ہوئے حیرت کا اظہار بھی کیا ہے۔ (تصاویر: یوروگوئے منرلز)

یوراگوئے: گزشتہ دنوں بسالٹ کی ایک کان سے نکلنے والے سخت پتھر کو جب توڑا گیا تو اس کے اندر سے زمرد کی ایسی قدرتی شکل برآمد ہوئی جو محبت کی علامت والے بڑے دل جیسی دکھائی دیتی ہے۔ یہ کان جنوبی امریکا کے ملک یوروگوئے میں واقع ہے۔

واضح رہے کہ زمرد ایک قسم کا قیمتی پتھر ہے جس کے صرف ایک گرام کی قیمت ہزار روپے یا اس سے بھی زیادہ ہوتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، یوروگوئے میں کان کنی کی کمپنی ’’یوروگوئے منرلز‘‘ برازیلی سرحد کے قریب، کتلان کے علاقے میں ’’سانتا روزا‘‘ نامی کان سے بسالٹ نکال رہی ہے جو زیادہ تر سیمنٹ بنانے والی مقامی فیکٹریوں کو فروخت کیا جاتا ہے۔

چند روز پہلے اسی کان میں کھدائی کے دوران بسالٹ کا ایک ایسا پتھر نکلا جو غیرمعمولی طور پر سخت تھا۔ جب اسے توڑنے میں دشواری ہوئی تو کان کنوں کو اندازہ ہوگیا کہ اس میں کوئی اور چیز بھی موجود ہے۔

اس پتھر کو کان سے باہر لایا گیا جسے احتیاط سے توڑنے میں تین گھنٹے لگ گئے؛ لیکن محنت رنگ لائی۔

جب یہ پتھر درمیان سے دو ٹکڑے کیا گیا تو اس کے اندر سے زمرد کے پتھروں کی بڑی تعداد برآمد ہوئی لیکن یہ پتھر قدرتی طور پر ایسی ترتیب میں تھے کہ جسے دیکھ کر ’’پتھر میں پیار بھرے دل‘‘ کا گمان ہوتا ہے۔

یوروگوئے منرلز نے اپنی ویب سائٹ کے علاوہ سوشل میڈیا پر بھی شیئر کرایا ہے جسے لوگوں کی بڑی تعداد نے بہت پسند کیا ہے۔

بعض سوشل میڈیا صارفین نے اسے ’’قدرت کا اندازِ محبت‘‘ اور ’’مادرِ ارضی کا تحفہ‘‘ جیسے نام دینے کے ساتھ ساتھ حیرت کا اظہار بھی کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔