میلانیا اپنے شوہر صدر ٹرمپ کی مخالفت میں ایک بار پھر سامنے آگئیں

ویب ڈیسک  پير 11 جنوری 2021
میلانیا اس سے پہلے بھی صدر ٹرمپ سے کئی امور پر کھل کر اختلاف کرچکی ہیں، فوٹو : فائل

میلانیا اس سے پہلے بھی صدر ٹرمپ سے کئی امور پر کھل کر اختلاف کرچکی ہیں، فوٹو : فائل

 واشنگٹن: جیسے جیسے صدر ٹرمپ کے عہدے کے خاتمے کا وقت قریب آ رہا ہے ویسے ویسے ان کے اہلیہ کے ساتھ اختلافات بھی سامنے آ رہے ہیں اور اپنے حالیہ بیان میں میلانیا ٹرمپ نے کانگریس کی عمارت پر اپنے شوہر کے حامیوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ اپنے شوہر کی شکست کے بعد سے منظر نامے سے غائب ہوگئی ہیں۔ آخری بار میلانیا ٹرمپ نے 2 جنوری کو ایک ٹویٹ کی تھی جب کہ کرسمس کے بعد سے وہ انسٹاگرام میں بھی لاگ ان نہیں ہوئیں۔

یہ خبر پڑھیں : میلانیا نے صدر ٹرمپ سے طلاق لینے کا فیصلہ کرلیا، برطانوی اخبار کا دعویٰ

خاتون اوّل نے صدر ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے خود ساختہ فتح کے جشن میں بھی شرکت نہیں کی تھی اور اسی جشن کے بعد ٹرمپ کے حامیوں نے امریکی کانگریس کی عمارت پر حملہ کرکے توڑ پھوڑ کی تھی۔

اپنے ایک حالیہ بلاگ میں میلانیا ٹرمپ نے طویل خاموشی کو توڑتے ہوئے لکھا کہ صدر کے حامیوں کا پارلیمنٹ پر حملہ شرمناک عمل ہے جس سے میرا دل بھی دکھی ہوا ہے۔

میلانیا ٹرمپ نے اپنے بلاگ میں صدر کے حامیوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر اُن پر کسے گئے نازیبا تبصرے اور غلط زبان استعمال کرنے پر غصے کا اظہار بھی کیا۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ کی سبکدوشی کے بعد میلانیا کی طلاق لینے کی خبروں پر امریکی صدر کے حامیوں نے شدید تنقید کی تھی جب کہ نئے سال پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے وائٹ ہاؤس پہنچنے اور حامیوں سے ملے بغیر اندر چلے جانے پر بھی شدید اعتراض کیا گیا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔