امریکا میں جیل سے 6 انتہائی خطرناک قیدی فرار ہونے میں کام یاب  

ویب ڈیسک  پير 11 جنوری 2021
کیلیفورنیا کی جیل سے دس سال میں پہلی مرتبہ قیدیوں کے فرار ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے(فوٹو، فائل)

کیلیفورنیا کی جیل سے دس سال میں پہلی مرتبہ قیدیوں کے فرار ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے(فوٹو، فائل)

کیلیفورنیا: امریکا میں جیل سے 6 انتہائی خطرناک مجرم قرار دیے گئے قیدی فرار ہونے میں کام یاب ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حکام نے خبردار کیا ہے کہ کیلیفورنیا کے جیل سے چھ انتہائی خطرناک قیدی فرار ہوگئے ہیں۔ ان قیدیوں میں سے ایک پر قتل کے سنگین الزامات بھی ہیں اور عوام ان قیدیوں کو سنگین جرائم پیشہ اور مسلح تصور کریں۔

ملزمان کے جیل سے فرار کا واقعہ ہفتے کی شب پیش آیا جب ان ملزمان نے بستر کے لیے فراہم کردہ چادروں سے بُنی ہوئی رسی کی مدد سے جیل کی چھت تک رسائی حاصل کی اور پھر وہاں سے فرار ہوگئے۔ ڈیوٹی پر موجود محافظوں کو اگلے دن کی صبح تک قیدیوں کے غائب ہونے کا اندازہ ہی ںہیں ہوا۔

جیل سے فرار ہونے والوں میں فیبین کرز رومن نامی 22 سالہ ملزم بھی شامل ہے جس پر قتل کے الزامات ہیں اسی طرح اقدام قتل کے دو مزید ملزم بھی فرار ہونے والوں میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ کیلیفورنیا کے مرسیڈ کنٹری ڈاؤن ٹاؤن کی جیل سے قیدیوں کے فرار ہونے کا یہ دس سال میں پہلا واقعہ ہے۔ اس سے قبل ایک قیدی دھلائی کے لیے باہر بھیجے جانے والے کپڑوں میں چھپ کر جیل سے فرار ہوا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔