فیصل آباد میں فیکٹری کابوائلر پھٹنے سے مزید 4 زخمی دم توڑ گئے، جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہوگئی

ویب ڈیسک  منگل 31 دسمبر 2013
گارمنٹس فیکٹری میں 27 دسمبر کو بوائلر پھٹنے کے بعد  آگ بھڑک اٹھی تھی  فوٹو: فائل

گارمنٹس فیکٹری میں 27 دسمبر کو بوائلر پھٹنے کے بعد آگ بھڑک اٹھی تھی فوٹو: فائل

فیصل آباد: فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے زخمی ہونے والے مزید 4 افراد دم توڑ گئے جس کے بعد حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہوگئی۔

فیصل آباد کے سرگودھا روڈ سیم نالہ پر واقع گارمنٹس فیکٹر ی میں بوائلر پھٹنے سے 2 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہو گئے تھے، 2 زخمی افراد اگلے روز ہی دوران علاج دم توڑ گئےتھے جب کہ 4 زخمی آج چل بسے، آج جاں بحق ہونےوالوں میں کامران، عبد الغفور، عبد الستار اور اسحاق شامل ہیں جن کا تعلق فیصل آباد کے مختلف علاقوں سے ہے، مزید 4 افراد کی ہلاکت کے بعد حادثے کے نتیجے میں جاں بحق  افراد کی تعداد 8 ہوگئی ہے،ڈاکٹرز کے مطابق زخمیوں میں سے اب بھی  3  کی حالت تشو یش ناک ہے۔

حادثے میں جھلسنے والے افراد کو اسپتال میں طبی امداد تو فراہم کی جارہی ہے تاہم برن سینٹر نہ ہونے کے باعث بہترعلاج کی سہولتیں میسر نہیں۔

واضح رہے کہ 27 دسمبرکو فیصل آباد کی گارمنٹس فیکٹری میں بوائلر پھٹنے کے بعد آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نیتجے میں 2 افراد موقع پر ہی جاں بحق اور 13 شدید زخمی ہوگئے تھے، فیکٹری میں بوائلر پھٹنے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں اس سے قبل بھی متعدد فیکٹریوںمیں ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں  تاہم اس کے باوجود بھی احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی جاتیں جس کے باعث  حادثات کی صورت میں معصوم افراد لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔