جواد احمد کا کسانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی

ویب ڈیسک  منگل 12 جنوری 2021
جواد احمد کے 3 منٹ دورانئے  کے گانے کا ٹائٹل ’’کسانا‘‘ہے  فوٹوفائل

جواد احمد کے 3 منٹ دورانئے کے گانے کا ٹائٹل ’’کسانا‘‘ہے فوٹوفائل

 لاہور: گلوکار وسیاستدان جواد احمد نے بھارت سمیت دنیا بھر کے کسانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے انقلابی گانا ریکارڈ کیا ہے۔

بھارتی کسان گزشتہ کئی ماہ سے ذرعی اصلاحات کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ بھارتی کسانوں کے احتجاج کو دنیا بھر سے حمایت حاصل ہورہی ہے۔ جب کہ بہت سے بالی ووڈ اداکاروں نے بھی کسانوں کے حق میں بات کی ہے اور بی جے پی حکومت سے کسانوں کے مطالبات ماننے پر زور دیا ہے۔

جہاں بھارتی کسانوں کو بہت سی مشہور شخصیات کی سپورٹ مل رہی ہے۔ وہیں گلوکار جواد احمد نے بھی گانا ریلیز کرکے دنیا بھر کے کسانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔

جواد احمد کے 3 منٹ دورانئے کے گانے کا ٹائٹل ’’کسانا‘‘ ہے۔ کسانا پنجابی میں کسان کو کہاجاتا ہے۔ اس سے قبل جواد احمد نے ٹوئٹر پر کہا تھا وزیراعظم، صدر، جنرل، جج اور پولیس آفیسرز یہ سب وہ کھاتے ہیں جو آپ بوتے ہیں یہ سب بھوک سے مرجائیں اگر آپ بوئیں اور کاٹے نہیں۔ یہ سب خادم ہیں اور آپ فراہم کنندہ ہیں۔

جواد احمد نے اپنی ٹوئٹ میں کہیں بھی خصوصی طور پر بھارتی کسانوں کا ذکر نہیں کیا بلکہ انہوں نے دنیا بھر کے کسانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

یوٹیوب پر جواد احمد نےاپنے گانے کے بارے میں لکھا ’’کسانا دنیا بھر کے کسانوں کے لیے ایک انقلابی گانا ہے۔ تاکہ وہ ان کو اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے کی تحریک اور ترغیب دے۔ جواد احمد کی طرف سے یہ گانا کسانوں کی تمام عالمی تحریکوں کے نام ہے۔‘‘

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔