بالی ووڈ ورکرز تنظیموں نے رام گوپال ورما پر پابندی لگادی

ویب ڈیسک  منگل 12 جنوری 2021
ورکرز تنظیموں نے اس حوال سے گوا کے وزیر اعلیٰ کو بھی مطلع کردیا (فوٹو: فائل)

ورکرز تنظیموں نے اس حوال سے گوا کے وزیر اعلیٰ کو بھی مطلع کردیا (فوٹو: فائل)

 ممبئی: بالی ووڈ فلموں کی ورکرز تنظیموں نے مشہور ہدایت کار رام گوپال ورما کے ساتھ کام کرنے پر پابندی عائد کردی۔

سنیما ملازمین کی مغربی بھارتی تنظیم سمیت 32 سے زائد تنظیموں نے مشترکہ فیصلے کے بعد  ہدایت کار رام گوپال ورما کے ساتھ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے کام کرنے سے انکار کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سنیما ملازمین کی مغربی بھارتی تنظیم کے صدر کا کہنا ہے کہ ملازمین کو سوا کروڑ روپے سے زائد کے بقایا جات ادا نہ کرنے پر انہیں قانونی نوٹس بھیجا گیا ہے جس میں واضح طور پر کہا گیا کہ وہ فلموں میں کام کرنے والے ملازمین کے پیسے ادا کریں لیکن اُن کی جانب سے کوئی جواب سامنے نہیں آیا یہاں تک کہ انہوں نے نوٹس وصول کرنے سے بھی انکار کردیا۔

تنظیم کے صدر بی این تیواری نے یہ بھی کہا کہ رام گوپال ورما ان دنوں گوا میں ایک فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں لیکن تمام صورتحال کے حوالے سے گوا کے وزیر اعلیٰ کو مطلع کر دیا گیا ہے کہ وہ غریب ملازمین کو فوری طور پر تںخواہیں دیں۔

ملازمین کی تنظیموں نے مستقبل میں رام گوپال ورما کے ساتھ  کام نہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے پروڈیوسر ایسوسی ایشن کی تنظیموں کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔