سونے کے نرخ میں مسلسل کمی کے بعد پھر اضافہ

اسٹاف رپورٹر  منگل 12 جنوری 2021
فی تولہ سونے کی قیمت بڑھکر 113300روپے ہوگئی . (فوٹو، فائل)

فی تولہ سونے کی قیمت بڑھکر 113300روپے ہوگئی . (فوٹو، فائل)

 کراچی: بین الاقوامی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں مسلسل کمی کے بعد ایک بار پھر اضافہ ہوگیا۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس 24 قیراط سونے کی قیمت 10ڈالر کے اضافے سے 1860ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی منگل کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 100 روپے اور 85روپے کا اضافہ ہوا۔

سونے کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھکر 113300روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بڑھکر 97136روپے ہوگئی۔

بلین مارکیٹ کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ دبئی گولڈ مارکیٹ کے مقابلے میں پاکستانی صرافہ مارکیٹوں میں منگل کو بھی فی تولہ سونے کی قیمت 1000روپے کم رہی ہے تاہم اسکے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی  کے 1300روپے اور فی دس گرام چاندی کی قیمت 1114روپے 52پیسے پر مستحکم رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔