بھارتی میڈیا میں 3 جنوری کو منموہن کے مستعفی ہونے کی خبریں، وزیر اعظم ہاؤس کی تردید

ویب ڈیسک  منگل 31 دسمبر 2013
ملک میں کرپشن، مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی عدم استحکام کے باعث کانگریس کو عدم مقبولیت کا سامنا ہے۔ فوٹو: فائل

ملک میں کرپشن، مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی عدم استحکام کے باعث کانگریس کو عدم مقبولیت کا سامنا ہے۔ فوٹو: فائل

نئی دہلی: بھارتی میڈیا میں ایک جانب 3 جنوری کو وزر اعظم من موہن سنگھ کے مستعفی ہونے کی خبریں گرم ہیں تو دوسری جانب وزیر اعظم ہاؤس نے ان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم اپنی آئینی مدت پوری کریں گے۔

گزشتہ کچھ دنوں سے بھارتی میڈیا میں یہ خبر گردش کررہی تھی کہ بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ ملک میں کانگریس کی ساکھ بحال کرنے اور راہول گاندھی کی وزارت عظمٰی کے امیدوار کے طور پر نامزدگی کی راہ ہموار کرنے کے لئے 3 جنوری کو ملک میں آئندہ عام انتخابات کے انعقاد کے ساتھ ساتھ اپنا عہدہ چھوڑنے کا بھی اعلان کرسکتے ہیں، تاہم وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان نے من موہن سنگھ کے استعفے کی خبر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم اپنی آئینی مدت پوری کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ 3 جنوری کی پریس کانفرنس صرف آئندہ لوک سبھا انتخابات سے متعلق ہوگی۔

واضح رہے کہ ملک میں کرپشن، مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی عدم استحکام کے باعث کانگریس کو عدم مقبولیت کا سامنا ہے اور رواں ماہ کے اوائل میں مختلف ریاستوں میں ہونے والے انتخابات میں اسے شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔