وزیراعظم عمران خان سے اسامہ ستی کے والد کی ملاقات

ویب ڈیسک  بدھ 13 جنوری 2021
عمران خان کا المناک واقعے پر دلی افسوس کا اظہار، مکمل انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی

عمران خان کا المناک واقعے پر دلی افسوس کا اظہار، مکمل انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے مقتول اسامہ ستی کے والد ندیم یونس ستی نے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے اسامہ ستی کی روح کے ایصال ثواب اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ عمران خان نے المناک واقعے پر دلی افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کے والد کو مکمل انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔

قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسامہ ستی کے والد کو فون کرکے واقعے کی انکوائری رپورٹ پر بات چیت کی۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزارت داخلہ کی طرف سے انکوائری کمیٹی کی تحقیقاتی رپورٹ کو دیکھ لیں، رپورٹ سے مطمئن ہیں تو اس کو آگے بھجوایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں پولیس فائرنگ سے 22 سالہ طالب علم جاں بحق

شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم اور کابینہ کا فیصلہ ہے کہ اسامہ ستی کے والد جس طرح تحقیقات کروانا چاہیں حکومت پوری مدد کرے گی، اگر ہائیکورٹ کے جج سے انکوائری کروانی ہے تو اس پر بھی راضی ہیں اور آپ کے جواب کا منتظر ہوں، اطلاع دیں تو وزارت داخلہ کی طرف سے وزارت قانون کو خط لکھوں گا۔

وزیر داخلہ نے ندیم ستی سے کہا کہ تحقیقات سے آپ کا مطمئن ہونا سب سے زیادہ ضروری ہے، اسامہ کا واقعہ بہت بڑا اور قابل مذمت ہے، آزادانہ اور مکمل تحقیقات کے لیے ہمیشہ تیار ہیں، ہماری اولین ترجیح ہے کہ آپ اور آپ کا خاندان مطمئن ہو۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔