ڈکیتی میں ناکامی پر ڈاکوؤں نے کار سوار نوجوان کو گولی مار دی

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 14 جنوری 2021
گلستان جوہر راڈو بیکری کے قریب بائیک سوار ڈاکوئوں نے گاڑی کا شیشہ کھٹکھٹایا تو نوجوان اسامہ نے گاڑی دوڑادی . فوٹو : فائل

گلستان جوہر راڈو بیکری کے قریب بائیک سوار ڈاکوئوں نے گاڑی کا شیشہ کھٹکھٹایا تو نوجوان اسامہ نے گاڑی دوڑادی . فوٹو : فائل

 کراچی: شاہراہ فیصل تھانے کی حدود گلستان جوہر بلاک 14 دارالصحت اسپتال کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے کار سوار نوجوان زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

فائرنگ کا واقعہ ڈاکوئوں کی جانب سے لوٹ مار کی واردات میں پر مزاحمت پیش آیا، ایس پی گلشن اقبال معروف عثمان نے بتایا کہ گلستان جوہر بلاک 14 میں مسلح ڈاکوئوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا نوجوان اسامہ بیگ گاڑی میں اپنے 3 دوستوں کے ساتھ موجود تھا زخمی نوجوان اور ساتھی راڈوبیکری کے سامنے مرکزی سڑک کے کنارے گاڑی کھڑی کرکے کھڑے تھے، اسی دوران موٹرسائیکل سوار 2 مسلح ڈکیت آئے اور انھوں نے جیسے ہی گاڑی کے ڈرائیونگ سائٹ کا شیشہ کھٹکھٹایا تو اسامہ بیگ نے ڈاکوئوں سے بچنے کے لیے گاڑی دوڑادی جس پر ڈاکوئوں نے فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہوگئے۔

ایس پی گلشن اقبال نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں اسامہ بیگ گردن میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے، واردات کے وقت اسامہ کی گاڑی میں لیپ ٹاپ اورموبائل فون موجود تھے جو محفوظ رہے۔ انھوں نے بتایا کہ زخمی نوجوان گلستان جوہر بلاک 14 کا رہائشی اور ڈیفنس کی کمپنی میں ملازم ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔