نقیب اللہ قتل کیس میں راؤ انوار کی حاضری سےاستثنی کی درخواست خارج

کورٹ رپورٹر  جمعرات 14 جنوری 2021
راؤ انوار کو ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا فوٹو: فائل

راؤ انوار کو ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا فوٹو: فائل

 کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے نقیب اللہ قتل کیس میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی حاضری سےاستثنی کی درخواست خارج کردی۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ کے روبرو نقیب اللہ قتل کیس میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی حاضری سے استثنی کی درخواست خارج کردی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے آپ یہ بتائیں، آپ کو ہی حاضری سے استثنی دے دیں۔ کیا یہ دوسروں سے امتیازی سلوک نہیں ہوگا۔

راؤ انوار کے وکیل عامر منسوب ایڈوکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ حساس اداروں نے راؤ انوار کی سیکیورٹی سے متعلق رپورٹ دی ہے۔ میرے موکل کو سخت سیکیورٹی خدشات ہیں۔

چیف جسٹس احمد علی شیخ نے ریمارکس دیئے ٹرائل کورٹ کو روز کی بنیادی پر سماعت کی ہدایت دے دیتے ہیں۔ آپ کی اس درخواست کو مسترد کرتے ہیں۔ جس پر عامر منسوب نے استدعا کی عدالت درخواست مسترد نہ کرے، ہم واپس لے لیتے ہیں۔ عدالت نے استدعا منظور کرلی اور درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کردی۔

واضح رہے کہ سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے ٹرائل کورٹ سے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی تھی۔ ٹرائل کورٹ راؤ انوار کی حاضری سے استثنی کی درخواست پہلے ہی مسترد کرچکی۔ راؤ انوار کو ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔