افریقی ملک مالی میں بم دھماکا؛ اقوام متحدہ امن مشن کے 4 اہلکار ہلاک

ویب ڈیسک  جمعرات 14 جنوری 2021
ہلاک ہونے والے اہلکاروں کا تعلق افریقی ملک آئیوری کوسٹ سے ہے، ترجمان امن مشن - فوٹو: رائٹرز

ہلاک ہونے والے اہلکاروں کا تعلق افریقی ملک آئیوری کوسٹ سے ہے، ترجمان امن مشن - فوٹو: رائٹرز

افریقی ملک مالی میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں اقوام متحدہ امن مشن کے 4 اہلکار ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی (رائٹرز) کے مطابق مغربی افریقی ملک مالی کے علاقے بمبارا سے 20 کلومیٹر دور اقوام متحدہ کے امن مشن کی ایک گاڑی کو سڑک کنارے نصب بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں امن مشن کے 4 اہلکار ہلاک اور 5 شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق مالی میں زیادہ تر القاعدہ سے وابستہ اسلامک گروپس آپریٹ کرتے ہیں اور متعدد بار شدت پسندانہ کارروائیوں میں ملوث پائے گئے ہیں تاہم اس دھماکے کی ذمہ داری اب تک کسی بھی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے۔

مالی میں موجود اقوام متحدہ امن مشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 3 اہلکار ہلاک اور 6 زخمی ہوئے ہیں تاہم ایک شخص کی حالت انتہائی تشویشناک ہے اور ہلاک ہونے والے اہلکاروں کا تعلق افریقی ملک آئیوری کوسٹ سے ہے جب کہ مالی میں امن مشن کے اہلکاروں کی تعداد 13 ہزار کے قریب ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔