کاجول نے اجے دیوگن سے شادی پر والد کے راضی نہ ہونے کی وجہ بتادی

ویب ڈیسک  جمعرات 14 جنوری 2021
والد کے فیصلے کے خلاف والدہ میرے ساتھ تھیں، اداکارہ کاجول (فوٹو: فائل)

والد کے فیصلے کے خلاف والدہ میرے ساتھ تھیں، اداکارہ کاجول (فوٹو: فائل)

 کراچی: بالی ووڈ اداکارہ کاجول نے اجے دیوگن سے شادی پر والد کے راضی نہ ہونے کی وجہ بتادی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کاجول نے اپنے ایک انٹرویو میں شادی سے متعلق حیران کُن انکشاف کیا کہ میں اجے دیوگن سے شادی کرنا چاہتی تھی تب میری عمر 24 سال تھی اور کیریئر کے عروج پر تھی لیکن میرے اس فیصلے سے والد صاحب خوش نہ تھے، یہاں تک کہ والد نے شادی سے ہی انکار کر دیا تھا۔

کاجول نے یہ بھی کہا کہ اجے سے شادی کرنے پر والد نے منع کردیا تھا کیوں کہ وہ یہی کہتے تھے کہ شادی سے پہلے مجھے مزید کام کرنا چاہیے لیکن والد کے فیصلے کے خلاف نہ صرف میں اکیلے کھڑی تھی بلکہ والدہ بھی میرے ساتھ تھیں۔

اداکارہ نے کہا کہ میری والدہ تنوجا ہمیشہ سے میری حمایتی رہی ہیں، شادی کے معاملے پر بھی والدہ نے میرا ساتھ دیا تب والدہ نے مجھے یہ بھی نصیحت کی کہ جو دل میں آئے کرو اور پھر میں نے وہی کیا جو اس وقت مجھے بالکل ٹھیک لگا۔

واضح رہے کہ اجے دیوگن اور کاجول کی جوڑی 1999ء میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھی۔ اگلے ماہ 24 فروری کو دونوں اداکار شادی کی 22 ویں سالگرہ منائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔