ہوم سیریز، اسپن کا جال مضبوط بنانے کی تدبیریں ہونے لگیں

اسپورٹس رپورٹر / ایکسپریس نیوز  جمعـء 15 جنوری 2021
شان اور حارث کی جگہ خطرے میں پڑگئی،عباس اورسہیل کو باہربٹھانے کا امکان۔ فوٹو: فائل

شان اور حارث کی جگہ خطرے میں پڑگئی،عباس اورسہیل کو باہربٹھانے کا امکان۔ فوٹو: فائل

 لاہور: جنوبی افریقہ سے ٹیسٹ سیریز کیلیے 20رکنی ابتدائی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان آج ہوگا تاہم سازگار ہوم کنڈیشنز میں اسپن کا جال مضبوط بنانے کی تدبیریں ہونے لگیں۔

جنوبی افریقہ سے ہوم سیریز کیلیے ابتدائی 20رکنی اسکواڈ کا اعلان جمعے کو کراچی میں چیف سلیکٹرمحمد وسیم کریں گے،دورۂ نیوزی لینڈ میں کرکٹرز کی کارکردگی اور ہوم کنڈیشنز کو پیش نظر رکھتے ہوئے چند تبدیلیوں کاامکان ہے، خاص طور پر پہلے ٹیسٹ میں نیشنل اسیڈیم کی پچ کی روایتی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اسپن کا جال مضبوط بنانے کی کوشش ہو گی

ذرائع کے مطابق شان مسعود اور حارث سہیل کی ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ خطرے میں ہے۔ اوپنر نیوزی لینڈ اے کیخلاف4روزہ میچ کی دونوں اننگز میں 22رنز بنا سکے تھے، انھوں نے ماؤنٹ مانگونئی ٹیسٹ کی پہلی باری میں 10رنز بنائے، دوسری میں کھاتہ کھولنے سے قبل ہی رخصت ہوگئے،کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں پہلی کے بعد وہ دوسری اننگز میں بھی اسکورر کو زحمت دیے بغیر رخصت ہوئے،حارث سہیل نے دونوں ٹیسٹ کی4اننگز میں صرف 28رنز بنائے،ان کا سب سے بڑا اسکور 15رہا، 3بار وہ ڈبل فیگر تک بھی نہ پہنچ پائے۔

ذرائع کے مطابق دونوں کیلیے اسکواڈ میں جگہ برقرار رکھنا ممکن نظر نہیں آرہا، ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے انبار لگانے والے کامران غلام سمیت چند ڈومیسٹک پرفارمرز بھی سلیکٹرز کے ریڈار میں ہیں، سینئر پیسر محمد عباس کو آرام دینے پر غورکیا گیا ہے، دورہ انگلینڈ کے بعد نیوزی لینڈ میں بھی کوئی میچ نہ کھیلنے والے سہیل خان کو بھی ڈراپ کیا جا سکتا ہے، قائد اعظم ٹرافی کے 9میچز میں 43وکٹیں حاصل کرنے والے حسن علی کی اسکواڈ میں شمولیت کا قوی امکان ہے۔

نیوزی لینڈ میں ناکامی کے باوجود ہوم سیریز میں سازگار کنڈیشنز کے پیش نظر یاسر شاہ کو برقرار رکھا جائے گا، ظفر گوہر نے نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرا ٹیسٹ کھیلا تھا، انھوں نے بیٹنگ بہتر کی مگر بولنگ میں قطعی طور پر متاثر نہیں کیا، البتہ ایشین کنڈیشنز میں وہ بہتر ثابت ہوسکتے ہیں، اسپنر نعمان علی اور ساجد خان کے ساتھ زاہد محمود کا نام بھی زیر غور آیا ہے،البتہ ایک لیگ اسپنر یاسر شاہ کی موجودگی میں زاہد محمود کے بجائے دیگر 2 میں سے کسی ایک کو شامل کیا جا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق اوپنر امام الحق کی پہلے ٹیسٹ میں شرکت مشکوک ہے۔ انگوٹھے کی انجری میں مبتلا بیٹسمین کا ایکسرے کرایا گیا تھا جس کی رپورٹ پی سی بی کو مل گئی، ڈاکٹرز نے انھیں مزید ڈیڑھ ہفتے مزید آرام تجویز کیا ہے، فوری کھیلنے کی صورت میں انجری بڑھنے کا خدشہ ہے،اگر وہ دستیاب نہ ہوئے تو دورہ نیوزی لینڈ میں اسکواڈ کا حصہ بننے والے ٹاپ آرڈر بیٹسمین عمران بٹ کو ڈیبیو کا موقع مل سکتا ہے۔

دوسری جانب کپتان بابر اعظم نے بھرپور بیٹنگ پریکٹس شروع کردی، کپتان 2 روز سے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں اپنے کلب ٹرینر کے ساتھ نیٹ میں ہلکی پھلکی پریکٹس کررہے تھے، گذشتہ روز انھوں نے وہاب ریاض جیسے تیز بولر کی گیندوں کا سامنا کیا، ان کے ساتھ اظہر علی بھی کافی دیر تک بیٹنگ کرکے خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کرتے رہے، دونوں کو سابق عظیم بیٹسمین محمد یوسف نے مشورے بھی دیے،لیگ اسپنر شاداب خان کا بھی ہائی پرفارمنس سینٹر میں ری ہیب جاری ہے مگر ان کی ٹیسٹ سیریز میں شرکت کا امکان نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔