پاکستان کیساتھ ثقافتی روابط کی طویل اور بھرپور روایت ہے، سفیر رومانیہ

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 15 جنوری 2021
رومانیہ کے سرمایہ کار پاکستان کیساتھ تجارت وصنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں، نیکولا گویا

رومانیہ کے سرمایہ کار پاکستان کیساتھ تجارت وصنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں، نیکولا گویا

کراچی: پاکستان میں تعینات رومانیہ کے ہائی کمشنر نیکولائی گویا نے رومانیہ کے ثقافتی دن کے موقع پر پاکستانیوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سے ہماری ثقافتی روابط کی ایک طویل اور بھرپور روایت ہے۔

اسلام آباد میں “میہائی ایمینیسو” اور عظیم پاکستانی شاعر علامہ اقبال کی مشترکہ یادگار سے یہ حقیقت سب پر آشکار ہوجاتی ہے کہ ادب و ثقافت کی کوئی حدود نہیں ہے اور یہ رومانیہ اور پاکستان جغرافیائی حقائق سے بھی ظاہر ہیں۔

رومانیہ کے سفیر نیکولا گویا نے کہا کہ آج ہم علامہ اقبال کی یاد کو اتنی ہی عزت دیتے ہیں جتنا ہم ایمیسکو کی شخصیت کا احترام کرتے ہیں، جیسے اسلام آباد کی یادگار ایک  ثقافت کے آفاقی خزانے کی نمایاں یادگار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور رومانیہ کے درمیان باہمی معاشی تعاون سے متعلق اقدامات لائق تحسین ہیں جس کے ذریعے دونوں ممالک معیشت کے اہم شعبوں میں قابل ذکر پیشرفت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رومانیہ کے سرمایہ کار پاکستان کے ساتھ تجارت و صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں۔

سفیر نے کہا کہ جمعہ 15 جنوری کو منایا جانے والا رومانیہ کا قومی ثقافت کا دن رومانیہ کے شاعر اور ناول نگار میہائی ایمینیسو کی تاریخ پیدائش ہے، رومانیہ کے ادب کی ایک نامور شخصیت اور مقامی رومانویت کےنمائندے جو رومانیہ کی زبان کے سب سے اہم شاعر سمجھے جاتے ہیں، رومانیہ اور مالڈووا میں قومی شاعر کی حیثیت سے ان کا احترام کیا جاتا ہے۔

رومانیہ کے سفیر نیکولا گویا کے مطابق رومانیہ 20 سے زائد اقلیتوں کا گھر ہے جو برادریوں کی صورت میں رومانیہ کی ثقافت کو تقویت بخشتے ہوئے اپنی زبان اور روایات کو محفوظ رکھتے ہیں، رومانیہ کے قومی شاعر اور یوم ثقافت کی تقریبات میں تسلسل سے شرکت کرنے والے پاکستانی دوستوں اور عوام سے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ثقافت ایک بہت اہم جز ہے جو ہماری قومی اور انفرادی شناخت کی عکاسی کرتا ہے اور ایک فعال ثقافتی سفارتکاری کو فروغ دینا یورپی اور عالمی بین الاقوامی ثقافتی مکالمے میں شرکت کےذریعے ہماری سفارتکاری کا ایک بنیادی ستون کی نمائندگی کرتا ہے۔

نیکولا گویا کا کہنا تھا کہ یورپی یونین میں رومانیہ کی رکنیت ہمیں قومی ثقافت کے تنوع اور رومانیہ کے تخلیقی جذبے کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرتی ہے جس  سے یورپی اقدار کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر قبول شدہ اقدار کے ساتھ جڑے رہنے کی توثیق کرتی ہے۔ رومانیہ کی ثقافت مختلف قسم کے لوک فن سے جڑی ہوئی ہے جو کئی دھائیوں سے رومانیہ کے باشندوں نے زندہ رکھی ہوئی ہے لکڑی کے نقش و نگار ، چمکیلے  ملبوسات ، مہارت سے بنے ہوئے قالین ، مٹی کے برتن اور روایتی رومانیہ کی ثقافت کے دیگر عناصر مقبول ہیں۔

رومانیہ کے سفیر نے مزید کاہ کہ سیاحت کی نشوونما کے ساتھ یہ بین الاقوامی سطح پر مشہور ہیں اور دنیا میں ایک منفرد شناخت و اہمیت رکھتے ہیں۔ ہمارے لوگ فن پارے ہندسی ڈیزائن, پودوں اور جانوروں کی طرز کی نمائندگی کی وجہ سے منفرد اہمیت کاے حامل ہیں جبکہ کڑھائی اور ٹیکسٹائل میں ، ڈیزائن اور رنگ کا منفرد طریقے سے استعمال صرف رومانیہ سے ہی جڑاہواہے جو ثقافت کیساتھ ساتھ رومانیہ کے ہنرمند کاریگروں کو بھی روشناس کراتی ہیں جس سے رومانیہ کی صنعتی و کاروباری طبقے کو بھی فائدہ پہنچتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔