پاک افغان بارڈر کنٹرولنگ کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے، آرمی چیف

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 15 جنوری 2021
افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے، پشاور ہیڈ کوارٹر کا دورہ، سیکیورٹی اور بارڈر مینجمنٹ پر بریفنگ (فوٹو : فائل)

افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے، پشاور ہیڈ کوارٹر کا دورہ، سیکیورٹی اور بارڈر مینجمنٹ پر بریفنگ (فوٹو : فائل)

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے، پاک افغان بارڈر کنٹرولنگ کے اقدامات کے دور رس نتائج ثابت ہوں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا۔ پشاور پہنچنے پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے ان کا استقبال کیا۔ آرمی چیف کو صوبے میں سیکیورٹی صورتحال اور بارڈر مینجمنٹ سمیت بارڈر پر باڑ لگانے اور قبائلی اضلاع میں ایف سی اور پولیس کی صلاحیتیں بڑھانے کے امور پر بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف نے افسران و جوانوں کی قبائلی اضلاع میں امن و استحکام کی کوشش کی تعریف کی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں، ایف سی اور پولیس کے کردار کو سراہا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ امن اور استحکام کو تقویت دینے کے لیے کوششیں ثمر آور ثابت ہوں گی، بارڈر کنٹرول کے اقدامات کے دور رس نتائج ثابت ہوں گے۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ پاکستان بین الافغان ڈائیلاگ کی حمایت کرتا رہے گا، افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے، آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حصول امن کے لیے سیکیورٹی فورسز اور مقامی لوگوں کی قربانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیرپا امن و استحکام کے لیے فورسز اور مقامی لوگوں کی قربانیاں لائق تحسین ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔