گودام پر چھاپہ، 1 کروڑ روپے کا بالوں میں لگانے والا زائد المیعاد رنگ برآمد

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 16 جنوری 2021
مخصوص ملک کی مصنوعات کراچی لانے پر پابندی عائدتھی،یہ تمام تر مصنوعات اسی ممنوعہ ملک کی ہیں،احمد مجتبیٰ۔ فوٹو: فائل

مخصوص ملک کی مصنوعات کراچی لانے پر پابندی عائدتھی،یہ تمام تر مصنوعات اسی ممنوعہ ملک کی ہیں،احمد مجتبیٰ۔ فوٹو: فائل

 کراچی: نیوکراچی صنعتی ایریا انویسٹی گیشن پولیس نے گودام پر چھاپہ مار کر ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کا بالوں میں لگانے والا رنگ (ہیئر کلر) برآمد کرلیا۔

نیو کراچی صنعتی ایریا انویسٹی گیشن پولیس نے ایک گودام پر چھاپہ مار کر وہاں رکھے گئے ہیئر کلر کے سیکڑوں ڈبے برآمد کرلیے ، سب انسپکٹر احمد مجتبیٰ نے بتایا کہ پولیس کو مخبر خاص کے ذریعے اطلاع ملی تھی کہ غیر ملکی مصنوعات کا ایک بڑا کنسائمنٹ کراچی پہنچا ہے اور اسے ایک گودام میں چھپایا گیا ہے جس پر پولیس نے کارروائی کی اور سیکڑوں کی تعداد میں ہیئر کلر کے ڈبے برآمد کرلیے جس کی مالیت ایک کروڑ روپے سے زائد ہے، تمام ڈبوں پر تاریخ میعاد درج ہے جوکہ گزر چکی ہے اور تمام ہیئر کلر ایکسپائر ہوچکا ہے۔

احمد مجتبیٰ نے مزید بتایا کہ گودام سے تاریخ میعاد دوبارہ پنچ کرنے والی مشینیں بھی ضبط کی گئی ہیں ،ملزمان کا گروہ اس تمام کنسائمنٹ پر تاریخ میعاد دوبارہ پنچ کرکے مارکیٹ میں فروخت کرنے والا تھا لیکن پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں ان کی یہ مذموم کوشش ناکام بنادی گئی۔

ایک سوال کے جواب میں احمد مجتبیٰ کا کہنا تھا کہ سال 2018 میں حکم نامہ جاری ہوا تھا جس میں ایک مخصوص ملک کی مصنوعات کراچی لانے پر پابندی عائد کی گئی تھی اور یہ تمام تر مصنوعات اسی ممنوعہ ملک کی ہیں جس کی وجہ سے پولیس نے یہ کارروائی کی۔

گرفتاری کے حوالے سے کیے گئے سوال پر احمد مجتبیٰ نے بتایا کہ واقعے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے دو ملزمان کو بھی حراست میں لیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔