پہلا ٹیسٹ؛ عابد علی کو نئے پارٹنر کا ساتھ میسر ہوگا

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 16 جنوری 2021
شان مسعود، حارث سہیل اورعباس کی کارکردگی میں تسلسل نہیں تھا،وسیم۔ فوٹو: فائل

شان مسعود، حارث سہیل اورعباس کی کارکردگی میں تسلسل نہیں تھا،وسیم۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  جنوبی افریقہ سے ٹیسٹ کیلیے چیف سلیکٹر نے ممکنہ کمبی نیشن کا عندیہ دیدیا جب کہ عبداللہ شفیق اور عمران بٹ میں سے کوئی ایک عابد علی کا پارٹنر ہوگا۔

نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کے دوران چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا کہ ہم نے نیوزی لینڈ میں شکستوں کی وجوہات تلاش کیں، کھلاڑیوں کا انتخاب کرتے ہوئے کارکردگی اور کنڈیشنز کو سامنے رکھا، شان مسعود، حارث سہیل اور محمد عباس کی کارکردگی میں تسلسل نہیں تھا،کسی بھی کھلاڑی کو سسٹم سے سے الگ نہیں کیا، اب ان کے مسائل پر کام کریں گے۔

محمد وسیم نے بتایا کہ عابد علی اب نئے پارٹنر کے ساتھ میدان میں اتریں گے، نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے والے عبداللہ شفیق یا عمران بٹ میں سے کوئی ایک ان کے ساتھ اوپننگ کرے گا، کامران غلام، سعود شکیل اور سلمان علی آغا اب اظہر علی، بابر اعظم اور فواد عالم کے ہمراہ پاکستان کی مڈل آرڈر بیٹنگ لائن اپ کو تقویت بخشیں گے، ہوم سیریز جیتنے کیلیے 2 اسپنرز درکار ہوں گے، ساجد خان مسلسل پرفارم کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی بھی ضرورت ہے، یاسر شاہ نے بولنگ اچھی کی لیکن انھیں وکٹیں نہیں مل سکیں،ان کے پاس موقع ہے کہ اس سیریز میں کارکردگی دکھائیں،تابش خان مسلسل 5سال سے ڈومیسٹک سیزن میں کارکردگی دکھا رہے ہیں،سہیل خان پراس لیے ترجیح دی کیونکہ وہ پاکستان کے حالات میں زیادہ مؤثر اور کارآمد ہیں، حارث رؤف تیز گیند کر سکتا ہے اس لیے منتخب کیا۔

محمد وسیم نے کہا کہ جنوبی افریقی ٹیم بہترین اور ہر طرح کی کنڈیشنز میں اچھی کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتی ہے،بڑی ٹیموں کیخلاف جیت کا سلسلہ شروع کرنا چیلنج ہے، سرفراز احمد ہمارے پلان کا حصہ لیکن محمد رضوان پہلا انتخاب ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔