ٹی 20 اسپیشلسٹ کی ٹیسٹ اسکواڈ میں شمولیت

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 16 جنوری 2021
عثمان صلاح الدین نظر انداز،ٹاپ پرفارمر زاہد محمود کو بھی منتخب نہ کیا گیا۔ فوٹو: فائل

عثمان صلاح الدین نظر انداز،ٹاپ پرفارمر زاہد محمود کو بھی منتخب نہ کیا گیا۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  ٹی20اسپیشلسٹ کو ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا۔

صرف 3 فرسٹ کلاس میچز کھیلنے والے حارث رؤف کے انتخاب کوحیران کن قرار دیا جا رہا ہے، انھوں نے 3فرسٹ کلاس مقابلوں میں صرف 444گیندیں کراتے ہوئے 39.28کی اوسط سے 7وکٹیں حاصل کی ہیں،طویل فارمیٹ کے میچز کیلیے درکار فٹنس کے حوالے سے بھی ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

دوسری جانب ڈومیسٹک کرکٹ میں تسلسل سے پرفارم کرنے والے عثمان صلاح الدین کو نظر انداز کردیا گیا، بیٹسمین مئی 2011میں ویسٹ انڈیز کیخلاف کیریئر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے کے بعد باہر ہوئے، ابھی تک دوسرا میچ کھیلنے کا انتظار کررہے ہیں،انھوں نے سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے 924رنز بنائے،وہ  رواں سال کامیاب ترین بیٹسمینوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر تھے۔

اسپنر زاہد محمود بھی  قائد اعظم ٹرافی میں بہترین بولنگ کے باوجود سلیکٹرز کی توجہ کا مرکز نہ بن سکے،انھوں نے  10 میچز میں 52 وکٹیں لیں اور ٹاپ بولرز کی فہرست میں ان کا تیسرا نمبر تھا۔

چیف سلیکٹر محمد وسیم نے زاہد محمود کے عدم انتخاب پر کہا کہ زاہد محمود سلیکٹرز کے پلان کا حصہ ہیں، میٹنگ میں  ان پر بات چیت بھی ہوئی، مستقبل میں انھیں موقع دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔