سوفٹ ویئر ہاؤس نے ویب سائٹ ڈویلپنگ کی آڑ میں شہریوں سے کروڑوں روپے اینٹھ لیے

ویب ڈیسک  ہفتہ 16 جنوری 2021
فراڈ میں ملوث ڈیجی ٹونکس کے مالکان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش

فراڈ میں ملوث ڈیجی ٹونکس کے مالکان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش

 کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ڈیجیٹونکس کے مالکان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کردی۔

ڈیجیٹونکس نے ویب سائٹ ڈویلپنگ کی آڑ میں حاصل کردہ ذاتی معلومات کی مدد سے اپنے صارفین کو لوٹا۔ ذرائع کے مطابق ڈیجیٹونکس نامی سافٹ وئیر کمپنی کے مفرور مالکان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کردی گئی ہے۔ مفرور مالکان جنید منصور اور حسن منصور روپوش ہیں۔

ایف آئی اے کے سائبر کرائم سرکل کراچی نے 12 جنوری کو شاہراہ فیصل میں واقع بزنس ایونیو کے چھٹے فلور پر قائم سافٹ ویئر ہاؤس پر خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر کمپنی کے دفتر سے ڈیٹا حاصل کرکے سی ای او سمیت 8 افراد کو گرفتار کیا تھا۔ ایف آئی اے نے مقدمہ درج کرکے کمپنی مالکان کو مفرور قرار دے دیا ہے۔

ملزمان نے ہزاروں افراد سے ویب سائٹ ڈیویلپنگ کی مد میں بلیک میلنگ کے ذریعے کروڑوں روپے اینٹھے۔ ملزمان نے شہریوں کی ذاتی معلومات کے ذریعے ان کے کریڈٹ کارڈز سے بھی کروڑوں روپے اپنے اکاؤنٹس میں منتقل کیے۔ ابتدائی طور پر ملزمان کے مختلف بینکس میں 12 اکاؤنٹس اور جائیدادیں سامنے آئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔