وسطی افریقی جمہوریہ ؛ مسلح جھڑپ میں اقوام متحدہ کے امن مشن کا اہلکار ہلاک

ویب ڈیسک  ہفتہ 16 جنوری 2021
امن مشن کے اہلکار باغی جماعت کے خلاف آپریشن کررہی تھیں، فوٹو : فائل

امن مشن کے اہلکار باغی جماعت کے خلاف آپریشن کررہی تھیں، فوٹو : فائل

ہانگوئی: وسطی افریقی جمہوریہ میں فوج اور باغی جنگجوؤں کے درمیان جھڑپ میں اقوام متحدہ کے امن مشن کا ایک اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے امن مشن کے اہلکار وسطی افریقی جمہوریہ میں الیکشن کے انعقاد کے بعد باغیوں کے خلاف سرچ آپریشن میں مقامی فوج کے ساتھ حصہ لے رہے تھے۔

آپریشن کے دوران مسلح باغی جماعت کے جنگجوؤں کے ساتھ جھڑپ میں اقوام متحدہ کی گاڑی پر حملہ کیا گیا جس میں امن مشن کا ایک اہلکار ہلاک اور دو شدید زخمی ہوگئے جب کہ مقامی فوج کے 3 اہلکار بھی معمولی زخمی ہوئے۔

یہ خبر پڑھیں : وسطی افریقی جمہوریہ میں فوجی قافلے پر حملہ، اقوام متحدہ کے 3 پیس میکرز ہلاک 

اقوام متحدہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے امن مشن کے اہلکار کا تعلق برونڈی سے جب کہ زخمیوں کا تعلق بنگلادیش سے ہے۔ وسطی افریقی جمہوریہ میں قیام امن اور حکومت کے استحکام کے لیے اقوام متحدہ امن مشن کے اہلکار تعینات ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں : افریقی ملک مالی میں بم دھماکا؛ اقوام متحدہ امن مشن کے 4 اہلکار ہلاک

اس سے قبل 26 دسمبر کو بھی اقوام متحدہ کے امن مشن کے اہلکاروں کو لیکر دارالحکومت میں داخل ہونے والے فوجی قافلے پر فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں افغان مشن کے 3 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔