خواجہ  آصف کو لاڈلےکی خواہش پر گرفتارکیا گیا، سعد رفیق

ویب ڈیسک  اتوار 17 جنوری 2021
عدالتوں پر دباوَ ڈالنے کا عمل اور سیاسی انتقام کا سلسلہ بند ہوناچاہیے، لیگی رہنما۔ فوٹو:فائل

عدالتوں پر دباوَ ڈالنے کا عمل اور سیاسی انتقام کا سلسلہ بند ہوناچاہیے، لیگی رہنما۔ فوٹو:فائل

سیالکوٹ: مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ گرفتاریوں کا احتساب سے کوئی تعلق نہیں، خواجہ آصف کو لاڈلے کی فرمائش پر گرفتار کیا گیا۔

سیالکوٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت کے نام پر آمریت مسلط ہے، ملک کی واحد حکومت ہے جو فساد پیدا کرتی ہے، سیاست سے نابلد حکومتی وزرا حدوں کوکراس کر چکے ہیں، سارا دن سیاسی مخالفین کے خلاف بولتے رہتے ہیں، پوری دنیا میں پاکستان کا تماشا بنوا دیا گیا ہے۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ گرفتاریوں کا احتساب سے کوئی تعلق نہیں، خواجہ آصف کو لاڈلے کی فرمائش پر گرفتار کیا گیا، یہ گرفتاریاں سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے، پہلے نیب کے ذریعے یہ کام کیا گیا اب ایف آئی اے کوبھی اس کام پر لگادیا گیا ہے، لیکن گرفتاریاں ہمارے  نظریے کو مضبوط کرتی ہیں، پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ پی ڈی ایم کے مقاصد بڑے ہیں، اس کا مقصد حکومت گرا کر اپنی حکومت بنانا نہیں بلکہ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی ہے، اپوزیشن پھونک پھونک کر قدم رکھ رہی ہے، ملک چلانا بچوں کا کھیل نہیں،  اناڑیوں کے ہاتھ میں ملک دے دیاگیا، ملک کو اس حکومت سے نجات دلانے نکلے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ آئین و قانون کی بالادستی کیلئے شفاف الیکشن کروایا جائے، عدالتوں پر دباوَ ڈالنے کا عمل اور سیاسی انتقام کا سلسلہ بند ہوناچاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔