پلواما فالس فلیگ آپریشن پر پاکستان کا عالمی برادری سے بھارت کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

ویب ڈیسک  اتوار 17 جنوری 2021 Read in English Version
جنوبی ایشیاء کے امن و سلامتی کو خطرے میں ڈالنے پر امید ہے عالمی برادری بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے گی، دفتر خارجہ (فوٹو : فائل)

جنوبی ایشیاء کے امن و سلامتی کو خطرے میں ڈالنے پر امید ہے عالمی برادری بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے گی، دفتر خارجہ (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: پاکستان نے پلواما میں فالس فلیگ آپریشن کا بھانڈا پھوٹنے پر عالمی برادری سے بھارت کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا اور امید ظاہر کی ہے کہ جنوبی ایشیا کے امن کو خطرے میں ڈالنے پر دنیا بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے گی۔

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ’ٹی آر پی‘ کیس میں ممبئی پولیس کی چارج شیٹ میں بھارتی ری پبلک ٹی وی کے اینکر کے ٹرانسکرپٹس شامل ہیں جس نے بھارت کے مکروہ اور مذموم عزائم مزید بے نقاب کردئیے اور پاکستان کے دیرینہ موقف کی تائید و تصدیق کردی، تازہ انکشافات سے ثابت ہوگیا کہ پاکستان اب تک جن امور کی مسلسل نشاندہی کرتا آرہا ہے، وہ تمام حقائق درست ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے پلواما حملے کے نام پر ایک فالس فلیگ آپریشن رچایا، پاکستان پر دہشت گردی سے متعلق جھوٹ باندھا، بھارت کے اندر قوم پرستی کی آگ کو مزید بھڑکایا، نام نہاد ”سرجیکل اسٹرائیک“ کے دعوے کرنے کے علاوہ انتخاب جیتنے کی خاطر اپنی قوم کے جذبات کو گمراہ کن رخ پرڈالا۔

ترجمان کے مطابق یہ طرز عمل بلاشبہ آر ایس ایس اور  بی جے پی حکومت کے انتخابی اندازوں کے مطابق دہرایا گیا، ہم نے ابتدا سے ہی پاکستان کے خلاف بھارتی گمراہ کن بے بنیاد اور زہریلے بھارتی پراپیگنڈے کو مسترد کیا اور یہ حقائق اجاگر کیے کہ فروری 2019ء میں پلوامہ حملے کا سب سے بڑا فائدہ بی جے پی حکومت کو ہوا کیونکہ اس نے لوک سبھا میں واضح نشستیں جیت لیں۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ  یہ ٹرانسکرپٹ اس امر کا مزید ثبوت ہے کہ کیسے فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے واضح انتخابی کامیابی کی راہ ہموار کی گئی اور اس منصوبے پر عمل کیا گیا، یہ ٹرانسکرپٹ ہندتوا انتہا پسند حکومت اور بھارتی میڈیا میں ان کے کارندوں کے گٹھ جوڑ کو بے نقاب کرتے ہیں۔

دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ عالمی برادری صورتحال کا حقیقی معنوں میں ادراک کرتے ہوئے علاقائی ماحول خراب کرنے اور جنوبی ایشیاء کے امن و سلامتی کو خطرے میں ڈالنے پر بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے گی۔

پلواما کا ڈرامہ مودی کو انتخابات میں جتوانے کے لیے بنایا گیا، وزیر اطلاعات

دریں اثنا اس حوالے سے وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے بھی ٹویٹ کیا ہے جس میں کہا ہے کہ بھارتی اینکر کے ٹرانسکرپٹس بی جے پی کی ہندتوا اکثریتی حکومت، بھارتی انٹیلی جنس اور اس کے جنگجو میڈیا کے مابین ناپاک گٹھ جوڑ کو افشاء کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے مؤقف کو سچ ثابت کرتا ہے کہ پلواما حملہ جھوٹ اور دغا بازی کے سوا کچھ بھی نہیں، فالس فلیگ آپریشن کا منصوبہ پاکستان مخالف جذبات کو ابھار کر مودی کو انتخابی کامیابی دلانے کے لیے بنایا گیا تھا، ایک کے بعد ایک ہندوستانی جھوٹ اور دھوکا دہی دنیا بھر کے سامنے بے نقاب ہو رہی ہے، پاکستان میں دہشت گردی کی حمایت، افواہ سازی اور فالس فلیگ آپریشن اس مہم کا حصہ ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔