فہد ملک قتل کیس کے ملزمان کا ٹی وی کیمرہ مین پر بدترین تشدد

ویب ڈیسک  پير 18 جنوری 2021
ہتھکڑی لگے ملزمان وکیل کیساتھ مل کر کیمرہ مین کو پیٹتے رہے لیکن پولیس تماشا دیکھتی رہی۔

ہتھکڑی لگے ملزمان وکیل کیساتھ مل کر کیمرہ مین کو پیٹتے رہے لیکن پولیس تماشا دیکھتی رہی۔

 اسلام آباد: فہد ملک قتل کیس کے ملزمان نے ٹی وی کیمرہ مین کو بدترین تشدد کا نشانہ بنادیا۔

اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں فہد ملک قتل کیس کی سماعت ہوئی تو ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ سماعت کے بعد جب ملزمان باہر نکلنے لگے تو نجی ٹی وی کے کیمرہ مین کو فوٹیج بناتے دیکھ کر طیش میں آگئے اور اپنے وکیل و دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر اس پر حملہ کردیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: فہد ملک قتل کیس کا مرکزی ملزم راجہ ارشد گرفتار

جیل سے آئے قیدی راجہ ارشد، نعمان اور ہاشم نے ہتھکڑیوں سے کیمرہ مین پر تشدد کیا۔ پولیس کی موجودگی میں ملزمان اور وکلا نے کیمرہ مین ناصر مغل پر تشدد کیا۔ ہتھکڑی لگے ملزمان وکیل کیساتھ کیمرہ مین کو پیٹتے رہے لیکن پولیس تماشا دیکھتی رہی۔

کیمرہ مین ناصر مغل تشدد سے لہولہان ہوگیا اور اس کا موبائل فون بھی توڑ دیا گیا۔ بعدازاں مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ضابطے کی کارروائی عمل میں لانا شروع کی۔ ترجمان پولیس کے مطابق زخمی کیمرہ مین کا میڈیکل کروایا جارہا ہے اور واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔