سری لنکا ٹیم حملے میں زخمی ہونے والے احسن رضا کا بطور ٹیسٹ امپائر ڈیبیو

اسپورٹس رپورٹر  پير 18 جنوری 2021
132 ٹیسٹ میچز میں امپائرنگ کرنے والے علیم ڈار بھی 17 سال بعد اپنے ملک میں ٹیسٹ میچ سپروائز کریں گے

132 ٹیسٹ میچز میں امپائرنگ کرنے والے علیم ڈار بھی 17 سال بعد اپنے ملک میں ٹیسٹ میچ سپروائز کریں گے

 کراچی: سری لنکا ٹیم پر بس حملے میں شدید زخمی ہونے والے اس وقت کے ریزور امپاٗئر احسن رضا کے لیے 26 جنوری کا دن بے حد اہمیت اختیار کرگیا۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم 13 سال بعد جہاں پاکستانی سرزمین پر پہلا ٹیسٹ کھیلے گی، وہیں اس روز  احسن رضا بطور امپآئر ٹیسٹ ڈبیو کریں گے۔ پاکستان میں ہونے والے  بنگلہ دیش اور سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچز پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے غیر ملکی امپائرز نے فیلڈ میں ذمہ داریاں نبھائیں تھیں، اب کوویڈ میں  کرکٹ سرگرمیاں بحال ہونے پرانٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے تمام ممبر ممالک کو اپنے امپائرزٹیسٹ میچز  میں کھڑے کرنے کی خصوصی اجازت دے رکھی ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جن پانچ میچ آفیشلز کے تقرر کا اعلان کیا گیا ہے ان میں احسن رضا بھی شامل ہیں، احسن رضا اس وقت ریکارڈ 51 ٹی ٹوئنٹی میچز سپروائز کرچکے ہیں، جب کہ 37 ون ڈے میچز میں زمہ داریاں نبھانے کا اعزاز بھی وہ رکھتے ہیں۔

132 ٹیسٹ میچز سپروائز کرنے والے علیم ڈار بھی اس روز پہلی بار پاکستان سرزمین پر ٹیسٹ میچ کے لیے میدان میں اتریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔