ایک اور سال گزر گیا، ڈاکٹر عافیہ صدیقی رہا نہ کرائی جا سکیں

اسٹاف رپورٹر  بدھ 1 جنوری 2014
نواز شریف اپوزیشن میں رہتے ہوئے عافیہ کے مسئلے پر جس جراتمندانہ موقف پر ڈٹے ہوئے نظر آتے تھے،فوزیہ صدیقی۔  فوٹو: فائل

نواز شریف اپوزیشن میں رہتے ہوئے عافیہ کے مسئلے پر جس جراتمندانہ موقف پر ڈٹے ہوئے نظر آتے تھے،فوزیہ صدیقی۔ فوٹو: فائل

کراچی: عافیہ اور اس کے خاندان نے عافیہ کی رہائی کی امید میں 2013 کا ایک اور سال گزار دیا، حکمران اب بھی قوم کی بیٹی کی وطن واپسی کے لیے مناسب سفارتی فورم پر اقدامات کرنے سے گریزاں ہیں۔

2013کی آخری شام عافیہ موومنٹ پاکستان میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ نواز شریف اپوزیشن میں رہتے ہوئے عافیہ کے مسئلے پر جس جراتمندانہ موقف پر ڈٹے ہوئے نظر آتے تھے وزیراعظم بننے کے بعد غیر ملکی اور سفارتی محاذوں پر دبائو میں نظر آتے ہیں۔ ہمیں امید تھی کہ موجودہ حکومت اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے دوستانہ راستہ تلاش کرلے گی۔ انھوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ نئے سال 2014 کے مہینے مارچ میں عافیہ کی قید کے 11 سال مکمل ہوجائینگے اس دوران عافیہ رہا نہ ہوئی تو عالمی سطح پر احتجاجی مہم شروع کی جائیگی۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے نئے سال کے موقع پر پاکستانی اور امریکی عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے عافیہ کی جلد رہائی اور وطن واپسی کے لیے دعا کی اپیل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔