لاک ڈاؤن میں دو ہزار گھروں کی مفت مرمت کرنے والا ’رحم دل پلمبر‘

ویب ڈیسک  منگل 19 جنوری 2021
جیمز اینڈرسن نامی پلمبر نے ایک تنظیم قائم کی ہے جس کے تحت کورونا لاک ڈاؤن میں 2000 سے زائد خاندانوں کے پلمبنگ کے مسائل حل کیے گئے (فوٹو: سی این این)

جیمز اینڈرسن نامی پلمبر نے ایک تنظیم قائم کی ہے جس کے تحت کورونا لاک ڈاؤن میں 2000 سے زائد خاندانوں کے پلمبنگ کے مسائل حل کیے گئے (فوٹو: سی این این)

 لندن: برطانیہ کا رحم دل پلمبر کورونا وبا کے دوران لاک ڈاؤن میں پھنسے اب تک 2000 خاندانوں کی مفت میں مدد کرچکا ہے۔

یورپ اور برطانوی گھروں کو گرم رکھنے (تھرمو اسٹیٹ سسٹم) اور ٹھنڈا کرنے (اے سی) کا نظام اکثر یکساں ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ نکاسی اور فراہمی آب کے منصوبے بھی باہم مربوط ہوتے ہیں جن  کی مرمت پر بہت اخراجات آتے ہیں۔

53 سالہ جیمز کا تعلق لنکاشائر سے ہے اور انہوں نے کورونا وبا کے دوران گھروں میں پریشان 2000 خاندانوں کی ہنگامی حالت میں مدد کی ہے۔ اینڈرسن نے ہفتے میں ایک بھی چھٹی نہیں کی۔

جیمز نے فیس بک پوسٹ پر لکھا کہ ’ 2020ء کے آغاز سے میں نے ضرورت مندوں کی مدد کی ہے کیونکہ میں اپنے لوگوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑوں گا‘۔

انہیں ایک معذور اور بوڑھے شخص نے بتایا کہ گھر کی مرمت کے نام پر ایک پلمبر نے بڑا بل بنایا اور اس بوڑھے سے 5500 پونڈ اینٹھ لیے جبکہ اس کام کی کوئی ضرورت ہی نہ تھی۔ اس کے بعد جیمز غریب اور بزرگ افراد کی مدد کے لیے اٹھ کھڑے ہوئے کیونکہ وہ اس فن میں 21 سالہ تجربہ رکھتے ہیں۔

2017ء میں جیمز نے بزرگ اور معذور افراد کو پلمبنگ اور ہیٹنگ سہولیات فراہم کرنے والی ایک کمپنی ڈی ای پی ایچ ای آر قائم کی اور اب تک 11 ہزار خاندانوں کی مدد کرچکی ہے۔ یہ تنظیم گھروں میں رہنے والے فالج ذدہ، اپاہج، بہت بیمار، پینشنر اور بوڑھوں کی مدد کرتی ہے جو خود اپنا کام نہیں کرسکتے اور دوسروں کے محتاج ہوتے ہیں اور بسا اوقات یہ اپنے گھروں میں اکیلے بھی رہتے ہیں۔

اخراجات کے لیے یہ تنظیم انٹرنیٹ پر عطیات کی ویب سائٹ ’گو فنڈ می‘ پر موجود ہے جہاں سے ان کے 40 فیصد اخراجات پورے ہوتے ہیں۔ ساتھ میں جیمز کی تنظیم کئی غریب گھرانوں کو کھانا پانی، غذا اور دوا کے علاوہ ان کے بجلی اور گیس کے بل بھی بھی ادا کرتی ہے تاہم 60 فیصد اخراجات وہ ملازمتوں کے معاوضے سے حاصل کرکے پورا کرتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔