وزیر خزانہ حفیظ شیخ کی صوبوں کو مہنگائی پر قابو پانے کیلیے اقدامات کی ہدایت

اسٹاف رپورٹر  پير 18 جنوری 2021
وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نےصوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ گندم کی صوبوں اور اضلاع میں روزانہ فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔(فوٹو فائل)

وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نےصوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ گندم کی صوبوں اور اضلاع میں روزانہ فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔(فوٹو فائل)

 اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے ہدایت کی ہے کہ چینی کے ذخیروں ، مارکیٹ میں فراہمی کی صورت حال اور صارفین کے لئے ملک بھر میں قیمتوں کی مسلسل نگرانی  کی ہدایت جاری کی ہے۔

وزارت خزانہ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ہونیوالے قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزراء سید فخر امام، حماد اظہر، مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد، معاون خصوصی ریونیو ڈاکٹر وقار مسعود، صوبائی چیف سیکریٹریز دیگر حکام شریک ہوئے اجلاس میں کمیٹی نے گندم، چینی اور خوردنی تیل سمیت دیگر ضروری اشیاء  کی قیمتوں کے رجحان کا جائزہ لیا۔

اس موقعے پر سیکریٹری خزانہ نے بریفنگ دیتے ہوئے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ گذشتہ ہفتے ملک میں ہفتہ وار ایس پی آئی میں 0.22 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے،انڈے ، ٹماٹر ، آلو ، پیاز اور مرغی کی قیمتوں میں کمی کا رجحان آیا ہے۔سکریٹری خزانہ نے مزید بتایا کہ ہفتے کے دوران 21 بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں استحکام جبکہ 7 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی نے کہا کہ ملک بھر میں گندم کی آسانی سے فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے  جائیں گے۔

اس موقعے پر وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نےصوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ گندم کی صوبوں اور اضلاع میں روزانہ فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔  وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے پام آئل کی بین الاقوامی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بارے میں اپ ڈیٹ کرتے ہوئے مقامی مارکیٹ میں خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافے کا دباؤ کم ہوجائے گا۔

وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے ہدایت کی کہ چینی کے ذخیروں ، مارکیٹ میں فراہمی کی صورت حال اور صارفین کے لئے ملک بھر میں قیمتوں کی مسلسل نگرانی کریں۔ وزیر خزانہ نے یہ بھی ہدایت کی کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر نظر رکھنے اور قیمتوں کے فرق کو دور کرنے کے نظام کو فعال بنانے کے لئے صوبوں کو ضروری مدد فراہم کی جائے  اورعام لوگوں کو مناسب قیمتوں پر گندم کے آٹے کی ہموار فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ایک جامع حکمت عملی تیار کی جائے۔

وزیر خزانہ نے صوبائی حکومتوں کو سستی قیمتوں پر بنیادی اشیا کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر خزانہ نے  نے وفاقی ادارہ شماریات  کو بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر نظر رکھنے اور قیمتوں کے فرق کو دور کرنے کے نظام کو فعال بنانے کے لیے صوبوں کو ضروری مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔