پاکستان میں سزا کا نظام موجود مگر عملداری کا فقدان ہے، صدر عارف علوی

خبر ایجنسیاں  منگل 19 جنوری 2021
ہم نے ماضی کی اچھی چیزوں کو چھوڑ دیا، صدر مملکت۔ فوٹو: فائل

ہم نے ماضی کی اچھی چیزوں کو چھوڑ دیا، صدر مملکت۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان میں قانون پر عملداری کا فقدان ہے جب کہ موثر عملدرآمد یقینی بنانا ناگزیر ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان میں قانون پر عملداری کا فقدان ہے، مجرموں کیخلاف سزا اور جزا کا نظام موجود ہے، موثر عملدرآمد یقینی بنانا ناگزیر ہے، ہم نے ماضی کی اچھی چیزوں کو چھوڑ دیا ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے ایوان صدر میں بچوں کو ماں کا دودھ پلانے کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماں کا دودھ حضرت آدمؑ اور حضرت حواؑ کے دور سے بچے کو مفت دستیاب ہے، اس حوالے سے معاشرے میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ علمائے کرام، میڈیا اور سول سوسائٹی اس حوالے سے آگاہی پیدا کرنے میں کردار ادا کریں، غربت کے خاتمے کیلیے انسانی وسائل کی ترقی اہم ہے، موجودہ حکومت نے شہریوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے صحت ہیلتھ کارڈ جاری کئے ہیں۔ تقریب سے ڈاکٹر فیصل سلطان، معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتراور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

دریں اثناصدر مملکت  عارف علوی نے ویتنام کے سبکدوش ہونے والے سفیر فیم ہوانگ کِم سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ویتنام کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔