بہادرآباد میں پولیس مقابلہ؛ وائٹ کرولا گینگ کے 7 ملزمان گرفتار

اسٹاف رپورٹر  منگل 19 جنوری 2021
گرفتار ملزمان میں غیر ملکی باشندے بھی شامل، بھاری تعداد میں اسلحہ، کار اور دیگر سامان برآمد . فوٹو : ایکسپریس

گرفتار ملزمان میں غیر ملکی باشندے بھی شامل، بھاری تعداد میں اسلحہ، کار اور دیگر سامان برآمد . فوٹو : ایکسپریس

 کراچی: فیروزآباد پولیس نے بہادرآباد میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد وائٹ کرولا  گینگ کے 4 زخمی سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری تعداد میں اسلحہ، کار اور دیگر سامان برآمد کر لیا جب کہ گرفتار ملزمان میں غیر ملکی باشندے بھی شامل ہیں۔

ایس ایچ او فیروز آباد انسپکٹر اورنگ زیب خٹک نے بتایا کہ علاقے مکینوں نے مدد گار15 کو اطلاع دی تھی کہ ایک سفید رنگ کی ٹویوٹا کرولا جس کا نمبر BMA-450 اور ایک موٹرسائیکل جس پر مشکوک افراد سوار ہیں کافی دیر سے علاقے میں گھوم رہے ہیں، ملزمان علاقے کے گھروں کا جائزہ لے رہے ہیں، اطلاع پر مددگار 15 کی موبائل اور علاقہ پولیس کی بھاری نفری نے بہادر آباد کے بتائے گئے علاقے کی تمام گلیوں کو بھاری نفری کی مدد سے گھیرے میں لے لیا۔

انہوں نے کہا کہ کے ڈی اے اسکیم ون کنگری ہاؤس سروس روڈ سے متصل گلیوں کے قریب کار اور موٹرسائیکل سوار ملزمان نے اپنے آپ کو گھیرے میں لیتے دیکھ کر پولیس کی حصار توڑ کر فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے فائرنگ شروع کردی تاہم پولیس جو پہلے سے تیار تھی ملزمان کو مزید گھیرے میں لیتے ہوئے جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ملزمان کے 4 ساتھی زخمی ہوئے جب کہ دیگر ملزمان نے اپنے ساتھیوں کو زخمی ہوتا دیکھ کر ہتیار ڈال دیے۔

ایس ایچ او نے کہا کہ پولیس نے ساتوں ملزمان کو گرفتار کر لیا جب کہ 4 زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا جب اور دیگر 3 ملزمان کو فیروز آباد تھانے منتقل کردیا، گرفتار ملزمان کی زیر استعمال کرولا کار، موٹرسائیکل، ایک سب مشین گن، 2 نائن ایم ایم پستول، 3 تیس بور پستول اور ایمونیشن برآمد کر کے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیا گیا۔

ملزمان کا ایک سال کے دوران 10 بنگلوں میں ڈکیتیوں کا اعتراف

ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران فیروز آباد اور بہادر آباد میں ایک سال کے دوران 10 بنگلوں میں ڈکیتیوں کا اعتراف کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان چوکیداروں، گارڈز اور ملازمین کو یرغمال بنا کر وارداتیں کرتے تھے۔ ملزمان نے 9 جنوری کو پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 میں الیکٹرانک کمپنی کے آفس میں ڈکیتی کی واردات کے دوران ایک لیپ ٹاپ، دو لاکھ نقدی، جنریٹر اور 50 سے زائد کمپریسر لوٹے۔

ملزمان نے 2 جنوری کو مقبول آباد میں فارما سیوٹیکل کمپنی کے آفس میں ڈکیتی کی۔ ملزمان واردات میں 30 لیپ ٹاپ، 7 ایل س ڈیز، نقدی، گاڑیوں کے پینل اور دیگرسامان لوٹ کر فرار ہوئے۔ ملزمان نے 6 جولائی 2020ء کو کارساز کے قریب جاپان لینگویج سینٹر میں بھی ڈکیتی کی تھی اور ملزمان 7 لاکھ 30 ہزار روپے، 1ہزار 600 سے زائد امریکی ڈالر لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان الفلاح، شرافی گوٹھ، قائد آباد، جیکسن اور فیروز آباد پولیس کے ہاتھوں گرفتار بھی ہوچکے ہیں۔ ملزمان میں عزیز الرحمان، عبداللہ، نور علی، جاوید، صادق، شاہد اور رشید علی شامل ہیں. گرفتار ان میں 3 افغانی باشندے بھی شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔