ٹیسٹ چیمپئن شپ؛ پاکستانی ٹیم پانچویں پوزیشن سے محروم

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 20 جنوری 2021
بھارت سرفہرست،رینکنگ میں دوسرا نمبر،گرین کیپس کا ساتواں درجہ۔ فوٹو : فائل

بھارت سرفہرست،رینکنگ میں دوسرا نمبر،گرین کیپس کا ساتواں درجہ۔ فوٹو : فائل

 کراچی:  بھارت ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ٹاپ اوررینکنگ میں دوسرے نمبر پر پہنچ گیا جب کہ چیمپئن شپ میں کم پوائنٹس کے باوجود جنوبی افریقہ نے پاکستان کو پانچویں پوزیشن سے محروم کردیا۔

بھارت نے آسٹریلیا کو چوتھے ٹیسٹ میں 3 وکٹ سے شکست دے کرسیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی، اسی کے ساتھ ٹیم کو  اکثریتی پوائنٹس بھی حاصل ہوئے، جس سے ٹیسٹ چیمپئن شپ ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی، بھارت کے مجموعی پوائنٹس 430 ہوچکے، چونکہ اس نے چیمپئن شپ دورانیے میں 13 میں 9 میچز جیتے اس لیے پرسنٹیج 71.1 فیصد بنتی ہے، نیوزی لینڈ420 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے،کینگروز 332 پوائنٹس اور 69.2 فیصد پرسنٹیج کی وجہ سے تیسرے درجے پر چلے گئے۔ چوتھے نمبر پر انگلینڈ ہے۔

اگرچہ جنوبی افریقہ کے 144 پوائنٹس پاکستانی166  سے کم ہیں مگر پرسنٹیج پاکستان کی 30.7 فیصد کے مقابلے میں 40 فیصد ہونے کی وجہ سے پروٹیز نے پانچویں پوزیشن سنبھال لی۔

ادھر ٹیسٹ رینکنگ میں بھی بھارت نے آسٹریلیا کو دوسرے پوزیشن سے محروم کرتے ہوئے تیسرے نمبر پر دھکیل دیا، 118.4 پوائنٹس کے ساتھ نیوزی لینڈ رینکنگ میں نمبرون جبکہ بھارت کے 117.65 پوائنٹس ہیں، ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں چوتھی سے چھٹی پوزیشنز پر بالترتیب انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور سری لنکا موجود ہیں،پاکستان کا ساتواں نمبر ہے، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش بالترتیب آٹھویں اور نویں نمبر پر موجود ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔