ایران کو ختم کرنے کا خواب دیکھنے والے ٹرمپ کا سياسی کيريئر ختم ہوگیا، روحانی

ویب ڈیسک  بدھ 20 جنوری 2021
ظالم حکمراں اپنے منطقی انجام کو پہنچا، حسن روحانی (فوٹو : فائل)

ظالم حکمراں اپنے منطقی انجام کو پہنچا، حسن روحانی (فوٹو : فائل)

تہران: ايرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران پر بلا جواز اقتصادی پابندیاں عائد کرنے والے کا سیاسی کیریئر ختم ہوگیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آج ظالم دور اور بد نما حکمرانی کی اعلیٰ مثال کا خاتمہ ہوگیا اور اقتصادی پابندیاں عائد کرکے ایران کو ختم کرنے کا خواب دیکھنے والے کا سیاسی کیریئر مکمل طور پر ختم ہوگیا۔

صدر حسن روحانی نے مزید کہا کہ ہم پوری آن و شان کے ساتھ اب بھی موجود ہیں لیکن ٹرمپ کی ایران پر حد سے زیادہ دباؤ کی پالیسیاں ناکام ثابت ہوئیں۔ عالمی جوہری معاہدے سے امریکی کی یک طرفہ علیحدگی سے دیگر فریقین نے بھی بیزاری کا اظہار کیا تھا۔

یہ خبر پڑھیں : جوبائیڈن نے امریکا کی صدارت کا حلف اٹھا لیا 

ایرانی صدر نے نومنتخب صدر جو بائيڈن سے عالمی جوہری معاہدے میں شمولیت کی اپيل کرتے ہوئے کہا کہ اگر امريکا ڈيل کا حصہ بنتا ہے، تو ايران بھی معاہدے کی تمام شقوں کی پاسداری کرے گا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : ٹرمپ نے صدارت کے آخری روز ’اپنوں‘ کو نوازنے کی تاریخ رقم کردی 

واضح رہے کہ امریکا میں نومنتخب صدر جوبائیڈن نے اپنے عہدے کا حلف اُٹھا لیا ہے اور صدر ٹرمپ اپنی اہلیہ سمیت وائٹ ہاؤس سے اپنے گھر منتقل ہوگئے ہیں۔ جوبائیڈن نے انتخابی مہم کے دوران ایران سے تعلقات کی بحالی کا عندیہ دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔