جوبائیڈن نے پہلے ہی روز امریکی سرجن جنرل ایڈمز سے استعفیٰ طلب کرلیا

ویب ڈیسک  جمعرات 21 جنوری 2021
میرے لیے قوم کی خدمت کرنا اعزاز کی بات ہے جو میں کرتا رہوں گا، جیروم ایڈمز

میرے لیے قوم کی خدمت کرنا اعزاز کی بات ہے جو میں کرتا رہوں گا، جیروم ایڈمز

واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن نے دفتر سنبھالتے ہی امریکی سرجن جنرل جیروم ایڈمز سے استعفیٰ طلب کرلیا۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے حلف اٹھاتے ہی جہاں مسلمانوں پر سفری پابندی ختم کرنے سمیت 15 صدارتی حکم ناموں پر دستخط کیا وہیں صحت کے شعبہ سے وابستہ امریکی سرجن جنرل جیروم ایڈمز سے عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ بھی کردیا۔

گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے سرجن جنرل جیروم ایڈمز نے کہا کہ بائیڈن حکومت کی جانب سے مجھے عہدہ چھوڑنے کے لیے کہا گیا ہے، میرے لیے قوم کی خدمت کرنا اعزاز کی بات ہے جو میں کرتا رہوں گا اور کوشش جاری رکھوں گا کہ تمام لوگوں کو صحت سے متعلق یکساں مواقع میسر ہوں۔

https://twitter.com/Surgeon_General/status/1351934378990071809

جیروم ایڈمز نے کہا کہ بطور سرجن جنرل قوم سے آخر میں یہ کہنا چاہوں گا کہ ماسک ضرور پہنیں، فاصلہ رکھیں، ہاتھوں کو مسلسل دھوتے رہیں اور جب آپ کی باری آئے تو کورونا ویکسین ضرور لگوائیں۔

واضح رہے ٹرمپ حکومت نے جیروم ایڈمز کو ستمبر 2017 میں امریکا کا سرجن جنرل مقرر کیا تھا جب کہ وہ کورونا وبا کے دوران صحت سے متعلق امور کے ترجمان کے طور پر خدمات سرانجام دیتے رہے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔