چین نے مائیک پومپیو سمیت ٹرمپ انتظامیہ کے 28 عہدیداروں پر پابندیاں عائد کردیں

ویب ڈیسک  جمعرات 21 جنوری 2021
ٹرمپ انتظامیہ کے یہ عہدیدار چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت کررہے تھے، چینی وزارت خارجہ

ٹرمپ انتظامیہ کے یہ عہدیدار چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت کررہے تھے، چینی وزارت خارجہ

بیجنگ: چین نے سابق امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو سمیت ٹرمپ انتظامیہ کے 28 اہم عہدیداروں پر پابندیاں عائد کردیں۔

چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے دور صدارت میں اہم عہدوں پر فائز رہنے والے 28 افراد پر پابندیاں اس لیے عائد کی گئی ہیں وہ کہ چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت کررہے تھے۔

ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے جن افراد پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں انہوں نے چین کے مفادات کے خلاف منصوبہ بندی کی اور مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، ٹرمپ انتظامیہ کے ان اقدامات سے چینی عوام میں اشتعال پھیلا اور چین امریکا تعلقات کو شدید نقصان پہنچا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پابندی کا شکار افراد اور ان کے اہلخانہ پر چین، ہانگ کانگ اور مکاو میں داخلے پر پابندی لگائی گئی ہے جب کہ ان افراد میں سابق وزیرخارجہ مائیک پومپیو سرفہرست ہیں جب کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے متعدد مشیر بھی اس میں شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔