عوام کا خون چوسنا نالائق اعظم سے بہتر کوئی نہیں جانتا، مریم نواز

ویب ڈیسک  جمعرات 21 جنوری 2021
پٹرول بم گرانے کے بعد بجلی کی قیمتوں میں اضافہ بدترین عوام دشمنی ہے، نائب صدر (ن) لیگ۔ فوٹو : فائل

پٹرول بم گرانے کے بعد بجلی کی قیمتوں میں اضافہ بدترین عوام دشمنی ہے، نائب صدر (ن) لیگ۔ فوٹو : فائل

 لاہور: بجلی کی قیمتوں میں اضافہ پر مریم نواز نے رد عمل کا ظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کا خون چوسنا نالائق اعظم سے بہتر کوئی نہیں جانتا۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول بم گرانے کے ایک ہفتے کے اندر بجلی کی قیمتوں میں اضافہ بدترین عوام دشمنی ہے، پٹرول اور بجلی کی قیمتوں کا اثر ضروریات زندگی کے تمام اشیا پر ہوتا ہے، کیا حکومت نے عوام کو اس قابل چھوڑا ہے کہ وہ نااہلی کے عذاب کا ہر ہفتے مقابلہ کرسکیں، غریب کیسے زندہ رہے۔

مریم نواز نے کہا کہ عوام کا خون چوسنا نالائق اعظم سے بہتر کوئی نہیں جانتا، اس شخص کا وزیراعظم کی کرسی پر گزارا گیا ایک ایک لمحہ عوام پر بھاری ہے، جو حکومت عوام کے ووٹ سے نہیں آتی اسے نا عوام کا احساس ہوتا ہے نا وہ عوام کو جوابدہ ہوتی ہے، یہ سمجھ گیا ہے کہ اس کی ناجائز حکومت کے ساتھ اس کی سیاست بھی ختم ہوچکی ہے۔

نائب صدر (ن) لیگ نے کہا کہ 7 سال سے پارٹی کا بانی رکن دہائی دے رہا ہے، 7 سال سے یہ درخواستیں دے رہے ہیں کہ کارروائی خفیہ رکھی جائے اور کاغذات بھی پیش نہیں کررہے جب کہ 7 سال سے تاخیری ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔