ڈیڑھ کروڑ روپے کی اسمگل شدہ اشیاء کراچی سے ملتان منتقلی کی کوشش ناکام

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 21 جنوری 2021
غیر ملکی اسمگل شدہ شراب اور پی وی سی ریزن بذریعہ سڑک ملتان لے جائی جارہی تھی (فوٹو : فائل)

غیر ملکی اسمگل شدہ شراب اور پی وی سی ریزن بذریعہ سڑک ملتان لے جائی جارہی تھی (فوٹو : فائل)

 کراچی: ڈائریکٹوریٹ کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن حیدرآباد نے نیشنل ہائی وے بے نظیر آباد کے قریب کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 1 کروڑ 41 لاکھ روپے مالیت کی اسمگلڈ اشیاء ملتان منتقل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔

کسٹم انٹیلی جنس حکام کے مطابق انہیں خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ غیر ملکی اسمگل شدہ شراب اور پی وی سی ریزن بذریعہ سڑک ملتان لے جائی جارہی ہے۔

حکام نے شاہراہ پر جانچ پڑتال سخت کرتے ہوئے کنٹینر بردار ایک مشکوک ٹرک کو روک کر اس کی تلاشی لی جس سے شراب کی 170 سے زائد بوتلیں برآمد ہوئیں۔

حکام نے بتایا کہ پکڑی جانے والی شراب کی مالیت 41 لاکھ روپے ہے، ٹرک سے 17500 کلوگرام انڈونیشین ریجن کا اسمگل شدہ پی وی سی ریزن بھی برآمد ہوا جس کی مالیت 70 لاکھ روپے ہے۔

حکام نے مقدمہ درج کرکے 30 لاکھ مالیت کے ٹرک کو بھی ضبط کرلیا اور اسمگل شدہ اشیاء کی ترسیل کرنے والے ٹرک ڈرائیور سمیت دو افراد کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔