لڑکی کو زیادتی کے بعد قتل کرکے خودکشی کا رنگ دینے والا درندہ گرفتار

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 21 جنوری 2021
کمپنی ٹھیکے دار نے لڑکی کے والد کو اپنے گھر بلاکر ملازم بیٹی کی لاش دی اور کہا کہ لڑکی نے خودکشی کرلی (فوٹو: فائل)

کمپنی ٹھیکے دار نے لڑکی کے والد کو اپنے گھر بلاکر ملازم بیٹی کی لاش دی اور کہا کہ لڑکی نے خودکشی کرلی (فوٹو: فائل)

شرافی گوٹھ پولیس نے نوجوان لڑکی کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم نے زیادتی و قتل کے بعد واقعے کو خودکشی کا رنگ دیا تھا، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے جاری ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بدھ کو شرافی گوٹھ کے علاقے میں گھر کے اندر سے نوجوان لڑکی کی لاش ملی۔ لڑکی کے والد محمد عالم نے واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 25/2021 درج کرایا۔

لڑکی کے والد نے بتایا کہ ان کی بیٹی مقامی فیکٹری میں ملازمت کرتی تھی، اس فیکٹری کے ٹھیکے دار راشد نے بدھ کو اسے ورغلایا اور اپنے گھر لے گیا، اس کے ساتھ زبردستی زیادتی کی کوشش کی اور بیٹی کو گلا گھونٹ کر ہلاک کردیا، بیٹی کے چہرے اور بازوؤں پر بھی نشانات ہیں۔

والد نے بتایا کہ ملزم نے بدھ کی شام خود فون کرکے مجھے بلایا اور بتایا کہ آپ بیٹی کی طبیعت خراب ہوگئی تھی جس کی وجہ سے اسے اپنے گھر لے آیا ہے، جب میں راشد کے گھر پہنچا تو بیٹی کی لاش پڑی تھی۔ محمد عالم نے مزید بتایا کہ لاش ملنے کے بعد راشد خان دباؤ ڈالتا رہا کہ لاش اسپتال نہیں اپنے گھر لے جاؤ۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ قتل کی دفعہ کے تحت درج کرکے ملزم راشد خان کو گرفتار کرلیا۔ واقعے میں راشد کے ساتھ دیگر ملزمان کے ملوث ہونے کا بھی شبہ ہے جنھیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا، ملزم کے خلاف مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔