ایکنک کا اجلاس، بلوچستان میں 100 چھوٹے ڈیمز بنانے کی منظوری

ارشاد انصاری  جمعرات 21 جنوری 2021
کے فور فیز ون پراجیکٹ، سندھ سالڈ ویسٹ پراجیکٹ، اولڈ بنوں روڈ کی تعمیر کی بھی منظوری (فوٹو: فائل)

کے فور فیز ون پراجیکٹ، سندھ سالڈ ویسٹ پراجیکٹ، اولڈ بنوں روڈ کی تعمیر کی بھی منظوری (فوٹو: فائل)

اسلام آباد: قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک) نے رتو ڈیرو گوادر موٹر وے ایم 8 پراجیکٹ، کراچی واٹر سپلائی کے فور فیز ون پراجیکٹ، سندھ سالڈ ویسٹ پراجیکٹ، اولڈ بنوں روڈ کی تعمیر و مرمت، ہائیر ایجوکیشن کے لیے ماسٹر اور پی ایچ ڈی کے لیے 13 ارب روپے کے منصوبوں سمیت دیگر پراجیکٹس منظور کرلیے۔

وزارت خزانہ کے مطابق ایکنک کا اجلاس وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں رتو ڈیرو گوادر موٹر وے ایم 8 پراجیکٹ کی منظوری دے دی گئی۔ منصوبے پر 38 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی۔

کراچی کیلیے کے فور فیز ون کی منظوری

اجلاس میں کراچی کے لیے پانی کی فراہمی کے اہم منصوبے ’’کے فور پروجیکٹ‘‘ کا فیز ون منظور کرلیا گیا۔ اس منصوبے پر 25 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی۔ منصوبے کے تحت کراچی کو 260 ملین گیلن اضافی پانی سپلائی ہوسکے گا۔

سندھ سالڈ ویسٹ پراجیکٹ بھی منظور

وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس میں سندھ سالڈ ویسٹ پراجیکٹ بھی منظور کرلیا گیا۔ منصوبے پر 16 ارب 80 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ ورلڈ بینک منصوبے کے لیے 16 ارب روپے فراہم کرے گا۔

بلوچستان میں 100 چھوٹے ڈیمز تعمیر کرنے کی منظوری

بلوچستان میں 100 چھوٹے ڈیمز کی تعمیر کا پیکیج منظور کرلیا گیا ہے، منصوبے کے تحت 23 چھوٹے ڈیمز تعمیر کیے جائیں گے جبکہ سی پیک روٹ پر خنجراب سے کراچی تک آپٹیکل فائبر بچھانے کا منصوبہ منظور کرلیا گیا جس پر 37 ارب 91 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔

کوویڈ 19، اولڈ بنوں روڈ، ماسٹر اور پی ایچ ڈی پروگرامز کیلیے فنڈز منظور

اجلاس میں کوویڈ 19 کی روک تھام کے لیے 70 ارب روپے کا منصوبہ، اولڈ بنوں روڈ کی تعمیرو مرمت کا منصوبہ بھی منظور کیا گیا، منصوبے پر 17 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی جبکہ ہائیر ایجوکیشن کے لیے ماسٹر اور پی ایچ ڈی کے لیے 13 ارب روپے کا منصوبہ بھی منظورکرلیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔