مون سون میں فصلوں کا نقصان، سندھ حکومت نے کاشت کاروں کے متعدد ٹیکسز معاف کردیے

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 22 جنوری 2021
قدرتی آفات ایکٹ کے تحت ڈھل، آبیانہ کی وصولی نہ کرنے کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری (فوٹو : فائل)

قدرتی آفات ایکٹ کے تحت ڈھل، آبیانہ کی وصولی نہ کرنے کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری (فوٹو : فائل)

 کراچی: سندھ میں مون سون کی بارشوں کے دوران فصلوں کے نقصان پر سندھ حکومت نے خریف سیزن کے دوران کاشت کاروں کے لیے آبیانہ، ڈھل اور دیگر ٹیکسز معاف کردئیے۔

اس ضمن میں صوبائی محکمہ بورڈ آف ریونیو نے قدرتی آفات ایکٹ کے تحت ڈھل، آبیانہ کی وصولی نہ کرنے کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق صوبے کے 11 اضلاع کی 2401 دیہہ میں 9 لاکھ 80 ہزار ایکڑ رقبے پر فصلوں کو نقصان پہنچا ہے جس کے باعث  ٹنڈوالہ یار، مٹیاری، سجاول، ٹھٹھہ بدین میں کسانوں کو ٹیکسز میں رعایت دی گئی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ میرپورخاص، سانگھڑ، بے نظیرآباد، جامشورو اور تھر پارکر میں بھی ٹیکس رعایت کا اطلاق ہوگا۔ حکم نامے کے مطابق ایڈوانس ایگریکلچر انکم ٹیکس کی مد میں 4 کروڑ روپے کی رعایت، واٹر سیس، لوکل سیس کی مد میں بھی کسانوں کو 83 کروڑ روپے معاف کردئیے گئے ہیں۔

مجموعی طور پر کسانوں کو ٹیکسوں کی مد میں 8 کروڑ روپے سے زائد کی رعایت دی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔